وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت صحافیوں کو بھی فرنٹ لائن ورکر مانتی ہے۔ پیرا میڈیکل اسٹاف کے ساتھ صحافیوں کو بھی جلد کرونا وائرس سے بچائو کی ویکسین فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی میں نے بات کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں صدر کے یو جے حسن عباس جنرل سیکریٹری عاجز جمالی اور دیگر شریک تھے۔ وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ سے صحافیوں کے مختلف مسائل پر گفتگو کی اور نشاندہی کروائی کہ صحافیوں کو بھی فوری طور پر کرونا وائرس سے بچائو کی ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اس مسئلے پر سندھ حکومت پہلے ہی کام کر رہی ہے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سے وابستہ دوست بھی ہمارے لئے فرنٹ لائن کی حیثیت رکھتے ہیں۔ خصوصی طور پر رپورٹر۔ کیمرہ مین۔ فوٹو گرافرز اور جو لوگ فیلڈ میں کام کر رہے ہیں پہلے مرحلے میں ان کو ویکسین فراہم کی جائے گی اس کے لئے جلد میکینزم تیار کریں گے اور پیرا میڈیکل عملے کو ویکسین کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صحافیوں کو بھی فراہم کی جائے گی۔ کے یو جے کے وفد نے صوبائی وزیر کا صحافیوں کے مسائل پر سنجیدگی سے نوٹس لینے پر شکریہ ادا کیا۔
