کراچی پریس کلب میں ممبرز کی فیملیز کے لیے شاندار مہندی نائٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں ممبرز کی فیملیز شریک ہوئیں۔ عیدالفطر کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے خواتین اور بچیوں نے ہاتھوں پر مہندی کے دلکش نقش و نگار بنوائے، جبکہ ننھی پریوں نے مہندی کے رنگوں کو خوب انجوائے کیا۔ کراچی پریس کلب کی جانب سے تقریب میں شریک خواتین اور بچوں کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس محفل میں کراچی پریس کلب کے صدر، “فاضل جمیلی” کی آمد نے تقریب کی رونق کو مزید بڑھا دیا۔ انہوں نے نہ صرف اس جشن میں بھرپور شرکت کی بلکہ اپنے ہاتھ پر “ایف جے” (فاضل جمیلی) کا خوبصورت نقش مہندی سے سجا کر اس لمحے کو یادگار بنا دیا۔ اس موقع پر، اپنے منفرد انداز میں ایک خوبصورت شعر سنا کر انہوں نے حاضرین سے خوب داد وصول کی، اور محفل کو اپنے الفاظ کی خوشبو سے معطر کر دیا۔ کراچی پریس کلب کے سیکریٹری سہیل افضل خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند سال قبل شروع ہونے والا یہ ایونٹ اب ممبرز کی فیملیز میں بے حد مقبول ہو چکا ہے۔ انہوں نے اس روایت کو ہر سال جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور یقین دلایا کہ آئندہ سال یہ تقریب مزید شاندار انداز میں منعقد کی جائے گی۔ سیکریٹری کراچی پریس کلب نے ممبر گورننگ باڈی مونا صدیقی کو اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر خصوصی طور پر سراہا اور مبارکباد پیش کی۔ اس کے ساتھ ساتھ، تقریب کے دوران مونا صدیقی کے شانہ بشانہ خدمات انجام دینے والی خواتین ممبرز کو عید سے قبل عیدی دی گئی، جبکہ خواتین مہندی آرٹسٹس کو نقد انعامات سے نوازا گیا۔ سیکریٹری کراچی پریس کلب سہیل افضل خان نے کہا کہ کراچی پریس کلب مستقبل میں بھی اس طرح کی تقریبات کے انعقاد کو یقینی بناتے ہوئے ممبرز اور ان کی فیملیز کو بہترین تفریحی مواقع فراہم کرتا رہے گا۔