sahafio ki ahtejaaji call wapis

صحافیوں کی احتجاجی کال واپس۔۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی سے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کی قیادت میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔سپیکر پنجاب اسمبلی سے کامیاب مذاکرات کے بعد جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ اور احتجاجی مظاہرے کی کال واپس لے لی۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی شریک تھے جبکہ وفد میں پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر افضال طالب، سیکرٹری عباس نقوی، زاہد چودھری، جاوید فاروقی، خواجہ نصیر، ذوالفقار علی مہتو، راجہ ریاض، ضیا اللہ نیازی، قمر بھٹی، خواجہ آفتاب، عابد خان، احسن ضیا، عمران شیخ اور افضال عباسی شامل تھے ۔ پرویزالٰہی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافی ہمارے بھائی اور قابل احترام ہیں، آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتے ہیں، اظہار رائے پر قد غن لگانے والوں کے خلاف ہمیشہ صحافیوں کے شانہ بشانہ رہا ہوں، آئندہ بھی آزادی صحافت کے تحفظ کیلئے مجھے صف اول میں کھڑا پائیں گے ۔ ملاقات میں طے پایا کہ ممبر استحقاق بل اس بل کا اطلاق صحافیوں پر نہیں ہوگا، اس ضمن میں قانون میں ترمیم کا بل جلد پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، صحافیوں کو پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں داخلے کی اجازت ہو گی تاہم جاری تعمیراتی کام کے باعث صحافی زیرتعمیر حصوں میں نہیں جائیں گے ، عمارت زیرتعمیر ہونے کے باعث صحافیوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے جلد ویڈیو فوٹیج مہیا کر دی جائے گی، سپیکر کی جانب سے اسمبلی کارروائی کا حذف شدہ حصہ نشر اور شائع نہ کرنے کے حوالے سے پہلے سے رائج اسمبلی رولز پر عمل کیا جائے گا۔ بعدازاں جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پنجاب اسمبلی ممبران استحقاق ایکٹ 2021ئسے صحافی مخالف شقوں کو ترمیمی بل کے ذریعے ختم کرنے کے اعلان پر اظہار تشکر کیا ہے ۔ کمیٹی میں شامل لاہورکے تمام صحافی گروپوں کے راہنماؤں نے استحقاق ایکٹ کی شق 7(11سی)میں ترمیم کے تحت صحافیوں پر تما م ایکٹ کا اطلاق ختم کرنے کو آزادی صحافت اورپنجاب اسمبلی کے جمہوریت دوست سپیکر چودھری پرویز الٰہی اور تمام ارکان کی مشترکہ فتح قرار دیا ہے ۔

How to write on Imranjunior website
How to write on Imranjunior website
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں