وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری سے سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس( پی ایف یو جے) رانا عظیم اور صدر پنجاب یونین آف جرنلسٹس( پی یو جے) شہزاد حسین بٹ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔وفد میں پی ایف یو جے کے سیکرٹری اطلاعات احتشام الحق، وائس چیئرمین آل پاکستان نیوز پیپرز ایمپلائز کنفیڈریشن(ایپنک) نعیم مصطفی،سیکرٹری پی یو جے اشرف مجید،اسسٹنٹ سیکرٹری پی ایف یو جے شاہد چودھری،ممبر گورننگ باڈی لاہور پریس کلب فاروق جوہری اور رانا مظہر بھی شامل تھے۔ملاقات میں صحافیوں کے مسائل اور پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی( پی ایم ڈی اے) مسودہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور پی ایم ڈے اے بارے صحافیوں کے تحفظات کو دور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی اے میں صحافی ورکرز کے حقوق کو یقینی بنا رہے ہیں جبکہ پی ایم ڈی اے کے حوالے سے قیاس آرائیاں بالکل جھوٹ ہیں، کسی میڈیا ہائوس کو بند نہیں کیا جا رہا ۔فواد چوہدری نے کہا کہ صحافیوں کیلئے رہائشی پلاٹس اور آسان شرائط پرقرضہ جات کا اجرا کر رہے ہیں جبکہ پی ایم ڈی اے کا اجرا آرڈیننس سے نہیں بلکہ بل کی صورت میں لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی اے مسودہ کی شفافیت کے لئے کمیشن بنائیں گے جسکا سربراہ ہائیکورٹ کا ریٹائرڈ جج ہوگا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا عظیم نے کہا کہ پی ایم ڈی اے میں آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کو یقینی بنایا جائے اور پی ایم ڈی اے کا اصل مسودہ جاری کر کے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔صدر پی یو جے شہزاد حسین بٹ نے کہا کہ میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود اور تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے ،جبکہ صحافیوں کو ہر صورت تحفظ فراہم کیا جائے ۔وائس چیئرمین (ایپنک)نعیم مصطفی نے کہا کہ پی ایم ڈی اے بارے میڈیا ورکز کی بے چینی کو دور کیا جائے۔
