sahafio ke khilaaf barhte waqiaat par mulk gaair ahtejaj

صحافیوں کے خلاف بڑھتے واقعات پر ملک گیر احتجاج کا عندیہ۔۔

پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے اسلام آباد میں صحافی وحید مراد کے گھر سے نامعلوم افراد کے ہاتھوں اغوا کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری بازیاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پی یو جے کے صدر نعیم حنیف ۔ جنرل سیکرٹری قمر الزمان بھٹی سینئر نائب صدر یوسف عباسی ، نائب صدر ندیم زعیم، جوائنٹ سیکرٹری شیر علی خالطی ، مدثر حسین تقتله ، خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے بیان میں اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اسلام آباد سے نامعلوم افراد نے صحافی وحید مراد کو ان کے گھر سے اغوا کیا اور پولیس نے ایف آئی آر کی درخواست کے باجود مقدمہ درج نہیں کیا۔پی یو جے کے صدر نعیم حنیف اور جنرل سیکرٹری قمر الزمان بھٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں صحافی کے گھر رات گئے اس طرح نا معلوم نقاب پوش افراد کا داخل ہونا اور انہیں اٹھا کر لے جانا اور اس پر اس واقعہ کی ایف آئی آر بھی درج نہ ہونا ، نے اس افسوس ناک واقعہ کے در پردہ ساری کہانی کی کڑیاں کھول دی ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے وحید مراد کی فوری بازیابی کے لئے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔پی یو جے کے صدر نعیم حنیف نے صحافی احمد نورانی کے گھر پر دھاوا بولنے اور ان کے دو بھائیوں کو اٹھا لئے جانے اور اسی طرح کراچی میں صحافی فرحان ملک کی گرفتاری کو بھی ملک میں آزاد صحافت اور آزادی صحافت کے تحفظ کے لئے کڑا چیلنج قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اس طرح صحافیوں کو اٹھائے جانے کے واقعات میں اضافے سے پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق اور آزادی اظہار کا قیام مشکل ترین ہو گیا ہے۔انہوں نے صحافیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے ان واقعات کے خلاف ملک گیر احتجاج کا عزم بھی کیا ہے۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں