پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے وزارت اطلاعات کی جانب سے اینٹی اسٹٹ ٹرینڈ لسٹ کے اجرا کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اینٹی سٹیٹ ٹرینڈ لسٹ ایک من گھڑت اور قابل مذمت اور لوگوں کے بنیادی حقوق پر براہ راست حملہ ہے۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری نے حکومت کی جانب سے جاری کی گئی فہرست کو لوگوں کے بنیادی حقوق پر برائے راست حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اظہار آزادی رائےہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے ،حکومت صحافیوں پر پیکا قانون کے تحت کارروائیوں کے بعد اب عام لوگوں کی رائے بھی سلب کرنا چاہتی ہے۔سید نیئر بخاری نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا وفاقی حکومت کے فیصلوں سے صرف اختلاف رکھنا بھی غداری کے زمرے میں آتا ہے؟تحریک انصاف حکومت میں صحافیوں کو آزادی سے اپنے فرائض ادا کرنے میں سخت مشکلات اور جان و مال کے خطرات کا سامنا ہے ،حکومت اس طرح کے فیصلوں سے مزید خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر رہی ہےسابق۱ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وفاقی حکومت اس طرح بوکھلاہٹ میں غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے سے گریز کرے اور جاری کی گئی فہرست فوری طور پر واپس لے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے پریس کانفرنس میں مذکورہ رپورٹ جاری کی تھی، بعد میں وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ نے اسے ڈاؤن لوڈنگ کے لیے بھی مہیا کر دیا تھا۔
