sahafio ke aik group ne peca par hukumat saazbaaz kalri

صحافیوں کے ایک گروہ نے پیکا پر حکومت سے سازباز کرلی، رانا عظیم۔۔

 پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس پی ایف یو جے) کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس صدررانا محمد عظیم کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ملک کے چاروں صوبوں سے منتخب ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی تلاوت کلام پاک کے بعد سیکرٹری شکیل احمد نے اجلاس کے ایجنڈا کے مطابق کارروائی کا آغاز کیا۔ اجلاس کے شرکا نے ایجنڈا کے نکات بارے اپنی آراء دیں اور متفقہ طور پر درج ذیل فیصلے کیے گیے .. صدرانا محمد عظیم نے پیکا ایکٹ بارے اپڈیٹ دیتے ہوئے بتایا کہ صحافیوں کے ایک گروہ نے حکومت سے ساز باز کر کے فنڈنگ لی ہے کہ وہ اب مستقبل میں پیکا ایکٹ بارے بات نہیں کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایف یو جے نے اعلی عدلیہ میں اپیل دائر کررکھی ہے اور اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام یوجیز سوشل میڈیا پر پیکا ایکٹ کے خلاف اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف فوری مہم شروع کریں جبکہ اسلام آباد کراچی اور لاہور میں یوجیز اپنے شہروں کے پریس کلبز یا تنخواہ ادا نہ کرنے والے اداروں کے سامنے احتجاج کے پروگرام تشکیل دیں گے۔ عدم ادائیگی کی وجہ سے صحافیوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے پی ایف یو جے  کی نائب صدر ناصره عتیق لاہور میں سپورٹ پیکیج دے رہی ہیں اسی طرح دیگر شہروں میں بھی یونینز مخیر حضرات سے رابطہ کر کے ایسے انتظامات کریں۔ ایف ای سی میں خالی سیٹوں پرچار نامزدگیاں بھی کی  گئیں  جبکہ دیگر سیٹوں پر نامزدگیوں کو مختلف یوجیز کے انتخابات تک موخر کر دیا گیا نامزد ارکان میں پنجاب سے ثنا نقوی کو اسسٹنٹ سیکرٹری جبکہ ایف ای سی ارکان میں پشاور سے سردار طیب اسلام آباد سے اسحاق چودھری اور سجاد ترین کو نامزد کیا گیا ۔ آئین کمیٹی، خواتین کمیٹی، یوتھ کمیٹی، اسٹریٹجی کمیٹی، سینئرز کمیٹی، ایتھیکل کمیٹی  سمیت مختلف کمیٹیوں کے ارکان کی نامزدگی کوایف ای سی کے اگلے اجلاس تک ملتوی کر دیا گیا۔ ایف ای سی کے اگلے اجلاس کے لئے فیصلہ ہوا کہ اس بارے گروپ میں مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سندھ سمیت دیگر صوبوں میں جن یوجیز کے الیکشن نہیں ہوئے وہ عید کے بعد پندرہ دن کے اندر الیکشن کرائیں گے۔ یہ بھی منظوری دی گئی کہ فیڈریشن کا اکاونٹ نومنتخب عہدیداروں کے نام منتقل کیا جائے۔ صدر رانا محمد عظیم نے تمام یوجیز کو بدایت  کی کہ وہ اسلام آباد کلب میں ہونے والے انتخاب میں اپنی یوجے کے گروپ کی جیت کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔ سیکرٹری جنرل شکیل احمد اور سیکرٹری اطلاعات احتشام الحق کی ذمہ داری دی گی کہ وہ جلد از جلد پی ایف یو جے کی ویب سایٹ مکمل کرا کے اسے لانچ کریں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں