کراچی میں گزشتہ روز ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے کراچی پریس کلب کے ممبراورسماٹی وی کے سینئرپروڈیوسراطہراحمد متین کو ہفتہ کی سہہ پرآہوں اور سسکیوں کے ساتھ یاسین آباد قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا۔کراچی پریس کلب کے ممبراطہراحمد متین جمعہ کی صبح ڈاکوئوں کی فائرنگ سے نارتھ کراچی میں شہید ہوگئے تھے۔ان کی نمازِ جنازہ ہفتہ کوبعد نمازظہر مسجد صدیق اکبرکلفٹن بلاک 5 میں ادا کی گئی۔نمازِ جنازہ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، گورنرسندھ عمران اسماعیل،وزیراطلاعات سندھ سعیدغنی،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان،ایم کیوایم پاکستان بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار،جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن،پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ارشد وہرا ،ایم کیوایم پاکستان کے رہنما عامرخان،وسیم اختر،کراچی پریس کلب کے سیکرٹری محمدرضوان بھٹی،جوائنٹ سیکرٹری اسلم خان، گورننگ باڈی کے ممبراطہرحسین۔سی آر اے کے صدر رائوعمران ۔خرم گلزار۔فیاض یونس،کے یوجے کے جنرل سیکرٹری فہیم صدیقی، حسن عباس،سید راشدعزیز،موسی کلیم ،آباد کے چیئرمین محسن شیخانی سمیت مرحوم کے اہلِ خانہ، دوست، احباب، عزیز و اقارب صحافی برادری سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی ۔دریں اثنا تفتیش کاروں نے ملزمان کی پانچ وارداتوں کے مناظر حاصل کرلئے۔ پولیس حکام کے مطابق موقع سے ملنے والے خول کا فارنزک کروایا گیا جو ماضی کی کسی واردات سے میچ نہیں ہوسکے۔ موٹر سائیکل چوری اور فروخت میں ملوث ملزمان کا ڈیٹا لیا گیا۔ جیل سے ایک سال میں رہا ہونے والے ملزمان کو بھی فہرست بنائی گئی ہے۔ سی آر او سے تصاویر نکال کر سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی جارہی ہیں۔پولیس نے صبح سویرے وارداتیں کرنے والے 2 رکنی گروہ کی فوٹیجز بھی حاصل کر لیں۔ ذرائع کے مطابق گروہ 150سی سی موٹرسائیکل چھیننے میں ملوث ہے،ملزمان کی 5 وارداتوں کے مناظر تفتیش کاروں نے حاصل کرلئے۔ سینئر صحافی اطہر متین پر بھی صبح 8 بجکر 29 منٹ پر گولی چلائی گئی۔ موٹرسائیکل سوار ایک ملزم ہیلمٹ، دوسرا کیپ پہن کر وارداتیں کرتے ہیں۔
