بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے بلوچستان حکومت کی جانب سے رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن کی تشکیل اور کمیشن میں ایک تجربہ کار اور فعال صحافی کی تقرری کا خیرمقدم کیا ہے۔ بی یو جے نے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدام صحافت اور شفافیت کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جو عوامی معلومات تک رسائی کے بنیادی حق کو موٴثر انداز میں یقینی بنائے گا۔ کمیشن میں فعال صحافی کی شمولیت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ عوام اور میڈیا کے مفادات کی بہتر نمائندگی ہو اور معلومات کے اجراء کے عمل میں پیشہ ورانہ اصولوں کو مدنظر رکھا جائے۔ بی یو جے نے امید ظاہر کی کہ یہ کمیشن مستقبل میں شفافیت، احتساب اور عوام کے حقِ معلومات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں موجودہ حکومت کے اس اقدام کو مثبت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کمیشن کو مکمل آزادی اور وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ وہ بلاخوف و دباوٴ اپنے فرائض انجام دے سکے۔ یونین نے صحافیوں کو بھی دعوت دی کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوامی معلومات کے حصول کے لیے آر ٹی آئی قوانین کا بھرپور استعمال کریں۔۔