روزنامہ جسارت کراچی، صفحہ محنت کش کے انچارج، ممتاز مزدور رہنما اور سینئر صحافی قاضی سراج العابدین مرحوم کی دوسری برسی کے موقع پر 12 جولائی کو کراچی پریس کلب کے آئی ایچ برنی کانفرنس ہال میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔۔جس میں بزم قاضی سراج العابدین کے زیر اہتمام محنت کش ایوارڈ 2025 کا اجراء بھی کیا گیا اوع محنت کشوں کے حقوق کے لئے بےلوث جدوجہد و قربانیوں کے اعتراف میں نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے بانی اور پاکستان ورکرز ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ کراچی کے چیئرمین پروفیسر محمد شفیع ملک، سینئر مزدور رہنما غلام مصطفیٰ ہاشمانی، شفیق غوری، پاکستان فشر فوک فورم کے عبدالمجید موٹانی اور سینئر صحافی اور ایڈیٹر فورم جہان پاکستان اور ٹریڈ یونین و ینگ ٹیلنٹ کے ایڈیٹر شاہد غزالی کو محنت کش ایوارڈ 2025 دیا گیا ۔تقریب سے پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی، نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان کے جنرل سیکریٹری ناصر منصور، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے کونسل ممبر سعید بلوچ، پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کے چیئرمین وقار احمد میمن ، مرکزی صدر پاکستان یونائٹیڈ ورکرز فیڈریشن و ممبر گورننگ باڈی سیسی مختار حسین اعوان، نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ اور کراچی کے صدر خالد خان، سینئر بزرگ رہنما پروفیسرمحمد شفیع ملک، شاکر محمود نیشنل ریفائنری، عرفانہ قریشی، روزنامہ جسارت کے قاضی جاوید اور شاہد غزالی نے خطاب کرتے ہوئے قاضی سراج العابدین مرحوم کی بطور مزدور رہنما اور صحافی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس مستقل مزاجی، دیانتداری اور خلوص و جذبہ کے ساتھ مسلسل 32 برسوں تک روزنامچہ جسارت کے صفحہ محنت کش کے ذریعہ مزدور برادری اور ٹریڈ یونین تحریک کی بے لوث خدمت کی ہے اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ وہ نا صرف ٹریڈ یونین تحریک سے وابستہ رہے بلکہ مسلسل 32 برسوں تک باقاعدگی سے روزنامہ جسارت کراچی کے ہفتہ وار صفحہ محنت کش کا اجراء کرتے رہے، انہوں نے ٹریڈ یونین سیاست میں دائیں اور بائیں بازو کی تفریق ختم کرکے تمام محنت کشوں کو باہم قریب لانے میں جو اہم کردار ادا کیا وہ اپنی مثال آپ ہے ۔ تقریب میں قاضی سراج العابدین مرحوم کے دونوں صاحبزادگان قاضی وہاج اور قاضی معاذ ، ٹریڈ یونین تحریک سے وابستہ افراد اور صحافیوں نے شرکت کی ۔ پروگرام میں نظامت کے فرائض سیسی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کراچی کے جنرل سیکریٹری وسیم جمال نے انجام دیئے جو اس یادگار تقریب کے انعقاد کے روح رواں بھی تھے ۔ جبکہ قاضی سراج العابدین مرحوم کے فرزند اور صفحہ محنت کش کے موجودہ انچارج قاضی معاذ نے تقریب میں شرکت کرنے پر مہمانان گرامی اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
صحافی قاضی سراج العابدین کی دوسری برسی ، پروقار تقریب کا انعقاد
Facebook Comments
