پنجاب کے ضلع حافظ آباد کے علاقے وینکے تارڑ میں صحافی کاشف حسین کو قتل کردیاگیا۔۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلٹس (آئی ایف جے) اور پی ایف یوجے نے اعلیٰ حکام سے معاملے کی فوری تحقیقات اور قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔۔ مقتول صحافی روزنامہ خبریں اور قومی اخبار کے نمائندہ تھے جنہیں دس اگست کی رات قتل کیاگیا۔۔ اطلاعات کے مطابق مقتول صحافی کاشف حسین اپنی فیملی سے الگ ہوکر ایک گھر میں رہ رہے تھے جہاں صبح ان کی گلا کٹی نعش ملی۔۔مقامی صحافیوں نے قتل کے خلاف احتجاج بھی کیا اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ گوجرانوالہ پریس کلب کے صدر محسن خالد کا کہنا ہے کہ مقتول صحافی کے بھائی کی مدعیت میں مقامی تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایاگیا ہے۔۔پولیس ذرائع کے مطابق قتل کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جس نے کئی علاقوں میں چھاپے بھی مارے، پولیس کو ابھی تک قتل کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا۔۔
