شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے والدڈاکٹر عبدالغفار رئیسانی نے کہا ہے کہ صحافی عبدالواحد رئیسانی کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے ، منصف سے انصاف ملنے کی امیدہے ،مفرور ملزم کی گرفتاری کیلئے ہونے والی پیشرفت سے متاثرہ خاندان کو آگاہ کیا جائے۔یہ بات انہوں نےسوشل ایکٹوسٹ اورقبائلی معتبرین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالغفار رئیسانی نے مزید کہا کہ شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس میں گرفتار دو ملزمان پولیس کی حراست میں ہیں، گرفتار ملزمان سماج دشمن عناصر ہیں جو ماضی میں ہمیشہ سے پولیس کی سرپرستی میں نہ صرف مکروہ جرائم کے مرتکب ہوئے بلکہ پوری ریاستی مشینری ملزمان کو تحفظ فراہم کرتی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان نے واحد رئیسانی کو شہید کرکے واقعہ کو راہزنی کا رنگ دینے کی کوشش کی تاہم آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے، ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اظہر اکرم نے واقعہ کی تحقیقات میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشن سردار اسد خان ناصر کی سربراہی میں جی آئی ٹی تشکیل دی جی آئی ٹی کی تحقیقات میں دو ملزمان گرفتار ہوئے تاہم مفرور ملزم ابھی تک قانون کے شکنجے سے آزاد ہے ، انہوں نے آئی جی پولیس بلوچستان ، ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ سے مفرور ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو جلد از جلد مقدمہ کو منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی جائے اورواقعہ میں اب تک ہونے والی تحقیقات اور پیشرفت سے متاثرہ خاندان کو آگاہ کیا جائے ۔
