سندھ پولیس نے یونین کونسل صالح پت کے چیئرمین سید عنائت شاہ اور وائس چیرمین احسان شاہ اور ایس ایچ او صالح پت عاشق میرانی کو صحافی اجے لالوانی کے قتل کے عبوری چالان میں ملوث قرار دیا ہے۔ صحافی کے قتل کی تفتیش کے نئے تحقیقاتی افسر ایس ایس پی امجد شیخ کانشکوٹ( کشمور) نے مقامی عدالت میں عبوری چارج شیٹ جمع کروائی ہے جس میں انسداد دہشتگردی کی دفعات بھی لگائی گئی ہیں، اجے لالوانی 18 مارچ کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے تھے اور سول اسپتال سکھر میں دوران علاج دوسرے دن جاں بحق ہوگئے تھے،مذکورہ بالا تینوں ملزمان اب تک فرار ہیں،متوفی کے والد دلیپ کمار نے دی نیوز کو بتایا کو وہ تحقیقات سے مطمعن ہیں اور امید کرتے ہیں کہ فائنل چالان میں بااثر ملزمان کے نام نہیں نکالے جائیں گے۔ تحقیقاتی افسر ایس ایس پی امجد شیخ نے دی نیوز کو بتایا کہ کسی قسم کی رعائت نہیں برتی جائے گی اور کیس کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی۔ قبل ازیں پولیس نے چار افراد کو ملوث قرار دیا تھا جس پر متاثرین نے حیرت کا اظہار کیا تھا اور سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اعلیٰ پولیس افسران سے درخواست کرکے تفتیش پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تفتیش دیانتدار افسر کے سپرد کرنے کی درخواست کی تھی جس کے بعد تفتیش ایس ایس پی امجد شیخ کے سپرد کی گئی تھی۔
