ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک میں آزادی اظہار رائے کیلئے آئینی و قانونی جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور نامساعد حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ )نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں صحافی اور صحافتی ادارے کٹھن حالات سے گزر رہے ہیں، ریاستی اور غیر ریاستی عناصر کی جانب سے ٹیلی ویژن پروگراموں کو رکوانا نشریات بند کرانا، صحافیوں کی برطرفی کیلئے غیرضروری دباؤ غیر قانونی مطالبات سمیت انہیں متعدد پابندیوں اور چینلجز کا سامنا رہا ہے اور اس میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ایمنڈ کے مطابق صحافیوں بالخصوص خواتین صحافیوں کی کردار کشی بھی اسی مہم کا حصہ ہے جس میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان بھی شامل ہیں، ان تمام چیزوں کا مقصد صحافیوں کو دباؤ میں لاکر اظہار رائے پر قدغن لگانا ہے۔ ایمنڈ کا کہنا ہے کہ صحافیوں کو ایف آئی اے اور دیگر اداروں کی جانب سے نوٹسز کا اجرا اور سوشل میڈیا پر غیرقانونی پابندیاں، اہم مواقع پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنا، متعدد سیاسی اور غیرسیاسی سرگرمیوں کی کوریج رکوانا، پیمرا کے غیر قانونی نوٹسز سب کا مقصد عوام کو معلومات کے حق سے محروم رکھنا ہے جو جمہوری معاشروں کی روح کے صریحاً خلاف ہے، صحافیوں کے اغوا،جبری گمشدگیوں اور جھوٹے مقدمات کی بھی ایک طویل فہرست ہے جس سے ملک میں صحافیوں کو درپیش چیلنجز کی عکاسی ہوتی ہے۔ایمنڈ کے مطابق پاکستان صحافیوں کیلئے ان خطرناک ترین ممالک میں شامل ہے جہاں اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران متعدد صحافی شہید اور تاحیات معذوری کا شکار ہوئے، ان تمام صحافیوں کی قربانیوں نے ہمارے ارادوں اور عزم کو مزید مستحکم کیا ہے، آزاد اور ذمہ دار میڈیا ریاست، اس کے تمام اداروں اور عوام کے مفاد میں ہے، میڈیا پر قدغنیں لگانے والوں کو پچھتاوے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا اور تاریخ کا یہ سبق سب کو یاد رکھنا چاہیے۔ایمنڈ نے صدر اور وزیراعظم سمیت تمام ریاستی اداروں اور سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، پرنٹ، الیکٹرانک اور بالخصوص سوشل میڈیا سے متعلق کسی بھی قانون سازی سے قبل ایڈیٹرز، نیوز ڈائریکٹرز اور صحافتی تنظیموں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں اور غیرقانونی اور غیر آئینی اقدامات کا راستہ بند کریں ، صدر، وزیراعظم اور تمام ریاستی اداروں اور سیاسی جماعتوں کے لیےجاری پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ صحافی اور صحافتی اداروں کو غیرقانونی دباؤ سے آزاد کریں تاکہ وہ غیرجانب دارانہ اور شفاف ماحول میں اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔
صحافی و صحافتی اداروں کو آزادکیاجائے، ایمنڈ۔۔
Facebook Comments