سینئر صحافی اینکر پرسن میٹرو ون نیوز اختر شاہین رند و اہل خانہ کے ساتھ لوٹ مار و گاڑی چھیننے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ اخترشاہین رند کو اہل خانہ اور کزن صحافی احسن جتوئی سمیت لوٹا گیا تھا، مقدمہ تھانہ سرجانی ٹاؤن میں درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار تین ڈکیتوں نے موبائل فونز، نقدی لوٹنے کے ساتھ کار بھی چھین لی تھی، واردات ناردرن بائی پاس اٹک پٹرول پمپ کے قریب ہوئی تھی۔ اتوار کی رات پونے آٹھ بجے ہونے والے ڈکیتی و گاڑی چھیننے کے واقعے پر اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، اور نہ ہی چھینی گئی کار کا کوئی سراغ لگایاجاسکا ہے۔ متاثرہ صحافی اختر شاہین رند کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند کے نوٹس لینے کا بھی کچھ اثر نہیں ہوا، تھانہ پولیس نے مددگار 15 کے آپریٹر کے خلاف بیان لکھنے سے منع کر دیا، مددگار 15 کے آپریٹر نے بروقت مدد نہیں بھیجی نا ہی وائرلیس پر پیغام بھیجا، متاثرہ صحافی نے مددگار ون فائیو کی نااہلی پر ایکشن لینے اور گاڑی و لوٹا گیا سامان فوری برآمد کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔