لاہورپریس کلب لائبریری کمیٹی کے زیراہتمام صحافی وادیب خواجہ آفتاب حسن کی تیسر ی کتاب ، افسانوں کامجموعہ ” خالی سڑک“ کی تقریب رونمائی نثارعثمانی ہال میں منعقد ہوئی۔تقریب کی صدارت معروف فکشن رائٹر محمد حفیظ خان نے کی جبکہ مہمانان خصوصی میں صدرلاہورپریس کلب ارشدانصاری ،معروف ادیبہ نیلم احمدبشیر،ادیب وشاعر ڈاکٹرغافرشہزاد،شاعرہ وناول نگار ڈاکٹرشاہدہ دلاو رشاہ ،فکشن رائٹر عبدالوحید اورسینئر صحافی نوید چودھری تھے۔تقریب کی نظامت سینئر صحافی ندیم شیخ نے کی۔تلاوت کلام پاک اور نعت کی سعادت عقیل چشتی نے حاصل کی۔ صدر ارشد انصاری نے اس موقع پر کہاکہ خواجہ آفتاب کی تصنیف ” خالی سڑک ” ایک شاندار تصنیف ہے ، وہ صحافی اور مصنف ہیں اور انھوں نے اپنی تصنیف میں معاشرے کی بہترین عکاسی کی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صاحب صدارت محمد حفیظ خان نے ”خالی سڑک“ کو افسانوں کاکامیاب مجموعہ قرار دیتے ہوئے اسے دورجدید میں اردو ادب میں شاندار اضافہ قرار دیا۔مقررین نے خواجہ آفتاب حسن کے لکھے افسانوں میں کہانی کے عنصرکی موجودگی کاایک لکھاری کی ہنرمندی قرار دیا۔ مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک زمانے میں صحافی ہونے کے لیے پہلی شرط ادیب ہونا تھی ،لیکن خواجہ آفتاب نے اپنا سفرصحافت سے ادب کی جانب کیا اوران کی لکھی کہانیوں اورافسانوں میں کہیں بھی صحافتی زبان کا استعمال نظرنہیں آتا ،انہوں نے خالصتاً ادبی انداز اسلوب اختیار کیا جو قاری کو تحریر کے ساتھ ساتھ چلنے پرمجبورکردیتاہے۔ تقریب سے سینئر صحافی،ادیبہ وشاعرہ پروین سجل اورسماجی رہنما سمیرا بتول نے بھی اظہارخیال کیا۔خواجہ آفتا ب حسن کی صاحبزادی ماہ رخ نے صاحب صدارت محمد حفیظ خان اورمہمانان خصوصی کے اصرار پر ”خالی سٹرک“ کاانتساب اپنے نام منسوب کیے جانے کا قصہ سنا کر خوب داد سمیٹی۔ تقریب میں سینئر نائب صدر امجد عثمانی ،ممبر گورننگ باڈی عمران شیخ، بدرسعید، اے این پی پنجاب کے جنرل سیکرٹری امیربہادرخان ہوتی ، سینئر وائس چیئرمین ایچ آر سی پی راجااشرف ،سینئر صحافی زاہد قیوم ،جمیل چشتی ،اشرف سہیل، ضمیر آفاقی ،حفیظ الرحمان مغل ، فاروق اے حارث، قمرالزمان بھٹی ، ندیم نظر ، روشن لعل، شہباز انورخان، اقبال بخاری ، رفیق خان، افضال طالب، ظہیر شہزاد، ارشد یسٰین ،سعید واثق، نعیم مرتضی ، مصباح کوثر ،اقراءخان ،خالد اعجاز مفتی،وسیم انورشیخ،جاویدہاشمی، مدثرحسن، اصغر چودھری، محمد بابر، سلمان قریشی ،سلمان نور، طارق کامران اورنورالامین سمیت صحافیوں اورزندگی کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔