بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے کوہلو سے تعلق رکھنے والے مقامی صحافی شفیع مری کو ایک صوبائی وزیر کی جانب سے مبینہ طور پر سنگین نتائیج کی دھمکیاں دینے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ بی یو جے کی جانب سے جاری کردہ ایک مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے وزیرتعلیم ( نصیب اللہ مری) کی جانب سے کوہلو کے مقامی صحافی شفیع مری کو دھمکیاں دینا قابل مذمت عمل ہے مذکورہ صوبائی وزیر کو اگر شفیع مری سے کوئی شکایت تھی تو اس کیلئے متعلقہ فورمز موجود ہیں جہاں وہ رابطہ کرسکتے تھے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافی پڑھا لکھا طبقہ ہے اور کبھی بھی کسی کے ساتھ تصادم یا غلط رویہ اختیار کرنے پر یقین نہیں رکھتا بلکہ ہم آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اندرون بلوچستان صحافیوں کو جن نامساعد حالات کا سامنا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں اس کے باوجود انہوں نے بلوچستان اور اپنے اپنے علاقوں کے مسائل کو اجاگر کرنے میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس صحافیوں کے تحفظ اور آزادی اظہار رائے کیلئے جدو جہد جاری رکھے گی۔
