sahafi ki target killing kuj ki shadeed muzammat

صحافی کی ٹارگٹ کلنگ، کے یوجے  کی شدید مذمت۔۔

مظفر گڑھ کے علاقے تھرمل بائی پاس پر فائرنگ سے مقامی صحافی جاں بحق ہوگیا۔پولیس حکام کے مطابق مسلح افراد نے صحافی اشفاق احمد سیال کو روک کر فائرنگ کی۔ صحافی اشفاق احمد سیال کو زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے صحافی کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا، معاملے کی تحقیقات اور ملزمان کی تلاش کا عمل جاری ہے۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مظفر گڑھ میں صحافی کے قتل کے واقعے کا نوٹس لے لیا اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔۔وزیر اعلیٰ  نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ  نے ہدایت کی کہ صحافی اشفاق احمد کے قتل میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ دریں اثنا کراچی یونین آف جرنلٹس کےصدر طاہر حسن، جنرل سیکرٹری سردار لیاقت کشمیری، نائب صدور نادرہ مشتاق، وارث رضا اور مجلس عاملہ نے  صحافی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔۔لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر شیراز حسنات، نائب صدر امجد عثمانی، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری جعفر بن یار، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے مظفرگڑھ میں روزنامہ خبریں کے نمائندے مہراشفاق سیال کو قتل کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔ کے یوجے اور لاہور پریس کلب کی  گورننگ باڈی نے واقعہ پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ صحافیوں کو ان کے فرائض منصبی سے روکنے کے لئے ہرطرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جاتے ہیں اور انھیں جان سے مارنے سے بھی دریغ نہیں کیاجاتا۔انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ اس واقعہ میں ملوث مجرموں کو فی الفورگرفتارکرکے قرارواقعی سزادی جائے ۔ علاوہ ازیں راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے ) کی مظفر گڑھ میں صحافی اشفاق احمد سیال کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت ، آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک ، جنرل سیکرٹری آصف بشیر چوہدری ، فنانس سیکرٹری ندیم چوہدری اور دیگر عہدیداران نے کہا ہے کہ مظفر گڑھ میں صحافی اشفاق احمد سیال کا قتل انتہائی قابل مذمت ، افسوسناک اور قابل سمت قسم السوسناک اور ، دہشت گردانہ فعل ہے ۔ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں لیکن بد قسمتی سے صحافی اس وقت عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں کر رہی ہے آئے روز صحافیوں کو ڈرانے دھمکانے اور قتل کے واقعات رونما ہو رہے ہیں لیکن صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں صحافی اشفاق احمد سیال کی ٹارگٹ کلنگ تشویشناک ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے آر آئی یو جے کی قیادت نے وزیر اعظم پاکستان ، وزیر اعلیٰ پنجاب ، آئی جی پنجاب ، آر پی او اور ڈی پی او مظفر گڑھ سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے اگر ملزمان کو فوری گرفتار نہ کیا گیا تو بھرپور طریقے سے احتجاج کیا جائے گا

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں