تحریر: حامد میر۔۔
انیس سو سینتالیس میں پاکستان کی طرف سفر کرنے والے 20 لاکھ سے زائد مسلمان شہید ہوئے اور ہزاروں مسلمان عورتیں لاپتہ ہوگئیں۔ افسوس کہ پاکستان میں آج بھی اپنے شہریوں کولاپتہ کردیا جاتا ہے۔ منیراحمد منیر کی کتاب پڑھتے ہوئے مجھے لاپتہ صحافی مدثر نارو کی والدہ کا وائس میسج ملا۔ ان کا بیٹا 20 جولائی2018ٍء سے لاپتہ ہے۔ اس کا قصور صرف یہ تھا کہ اس نے 25جولائی 2018ء کو ہونے والے الیکشن پر سوالات اٹھائے تھے۔ مدثر اور اس کی اہلیہ صدف چغتائی دونوں شاعر تھے۔ مدثر نے 2018ء کے حالات پر اپنی ایک پنجابی نظم سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی اور پھر اسے لاپتہ کردیا گیا۔ اس طویل نظم کے چند اشعار پیش ہیں۔
کڈھ نئیں سکدے جلسہ ریلی
خلقت دا اے اللہ بیلی
ہُندی پئی اے ٹھاہ ٹھاہ ٹھاہ
ہور کیہ ہندا اے مارشل لا
سچی گل سنا نئیں سکدے
ٹی وی خبر چلا نئیں سکدے
جھوٹ نوں دتا اے سچ بنا
ہور کیہ ہندا اے مارشل لا
کرے دبئی وچ موج بہادر
جیل دے وچ اے گاڈ فادر
اج وی بوٹاں ہیٹھ اے لاء
ہور کیہ ہندا اے مار شل لا
اپنی چوہدر رکھن لئی
سرتے چکی پھرن نشئی
باقی کسے نوں دین نا راہ
ہور کیہ ہندا اے مارشل لا
مدثر نارو نے اپنی نظم میں نجانے کس نشئی کا ذکر کیا تھا لیکن یہ نظم سامنے آتے ہی انہیں بالاکوٹ سے غائب کردیاگیا۔ اس وقت ان کا بیٹا سچل صرف چھ ماہ کا تھا۔ ان کی اہلیہ صدف نےسچل کو گود میں اٹھا کر مدثر کی بازیابی کے لئے بہت آواز اٹھائی اور ایک دن خود بھی پراسرار موت کا شکار ہوگئیں۔ 2021ء میں اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان اور 2022ء میں وزیر اعظم شہباز شریف نے مدثر کی والدہ اور سچل سے ملاقات کی اور انہیں جلد انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ سچل کو پانچ سال سے انصاف نہیں ملا بلکہ آج کل تو پاکستانیوں کی جبری گمشدگیوں میں بہت اضافہ ہوچکا ہے۔ مدثر کی والدہ نے اپنے میسج میں کہا ہے کہ اب تو میں عدالتوں سے بھی مایوس ہو چکی ہوں۔ مجھے مدثر کی ماں میں اپنی ماں نظر آتی ہے جو پوچھ رہی ہے کہ کیا ہم نے 1947ء میں اپنی ماؤں اور بہنوں کی عزتوں کو اس لئے قربان کیا کہ تم ہمارے پاکستان میں آپس میں لڑتے لڑتے آئین و قانون کوبھی لاپتہ کردو؟۔(بشکریہ جنگ)۔۔