sahafi ke qatal ke khilaaf sahafion ka ahtejaj

صحافی کے قتل کے خلاف صحافیوں کا احتجاج۔۔

کراچی میں صحافی اطہر متین کے قتل کیخلاف راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس ( آئی آئی یو جے) اور پنجاب یونین آف جرنلسٹس (پی یو جے) نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابقراولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے پی ایف یو جے کی کال پر کراچی میں نجی ٹی وی کے سینئر صحافی اطہر متین کے قتل کے خلاف نیشنل پریس کلب کے سامنے بھر پور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اطہر متین کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرین نے موجودہ حکومت کے دور میں صحافیوں کو ٹارگٹ کرتے ہوئے اغواء اور قتل کے خلاف زبردست انداز میں نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے سینئر صحافی محسن جمیل بیگ کے خلاف جھوٹے مقدمات میں غیر قانونی گرفتاری، سینئر صحافی اقرار الحسن پر تشدد کرنے اور نجی نیوز چینل کی نشریات بند کرنے کے خلاف پر زور انداز میں مذمت کرتے حکومتی نا اہلی قرار دیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری آر آئی یو جے طارق علی ورک نے کہا کہ میڈیا عوام کو حق اور سچ دیکھنا چاہتا انسانی حقوق کی بات کرنا چاہتا ہے لیکن حکمرانوں کو یہ بات پسند نہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کی مرضی کے پروگرام ہوں اور جو یہ چاہیں وہی لکھا جائے اور نشر کیا جائے۔ پریس کلب کی فنانس سیکرٹری نیئر علی نے کہا کہ اطہر متین کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے سینئر صحافی طارق متین نے سندھ پولیس کو سوئم تک قاتلوں کی گرفتاری کا الٹی میٹم دیا ہے اور کہا ہے کہ سوئم تک قاتل گرفتار نہیں ہوئے تو پولیس سٹیشن کے سامنے دھرنا دیں گے۔ ادھر لاہور میں پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت پی یوجے کے صدر قمرالزمان بھٹی نے کی جبکہ انسانی حقوق کمیشن پاکستان کی سربراہ حناءجیلانی، پاکستان پریس کلبز کے کنوینئر اور سابق صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری ، صدر لاہور پریس کلب اعظم چودھری، پی ایف یوجے کے خزانچی ذوالفقار علی مہتو، پی یوجے کے جنرل سیکرٹری خواجہ آفتاب حسن،سابق صدرپنجاب یونین آف جرنلسٹس نعیم حنیف نے خطاب کیا۔ پی یوجے کے صدر قمرالزمان بھٹی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا اطہر متین کے قتل کو ڈکیتی مزاحمت قرار دینا افسوس ناک ہے، ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت میں صحافیوں کو جہاں معاشی بدحالی کا سامنا ہے وہاں انہیں زندگیوں کی بقا کے لالے پڑے ہو ئے ہیں ۔ اعظم چودھری نے کہا کہ صحافی برداری اپنے تحفظ کے لئے سڑکوں پر احتجاج کررہی ہے حکومت نے ہمیں تحفظ نہ دیا تو پھر ہمارا یہ احتجاجی مارچ ملک گیر ہوگا۔

chaar hurf | Imran Junior
chaar hurf | Imran Junior
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں