پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی ملک گیر احتجاج کی کا ل پر پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام کے ٹی این سکھر کے بیورو چیف جان محمد مہر شہید کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف لاہور پریس کلب کے سامنے بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی یو جے زاہدرفیق بھٹی ،جنرل سیکرٹری خاوربیگ کا کہنا تھا کہ جان محمد مہر کے قاتلوں کو سندھ کے وڈیروں اور ارباب اختیار کی پشت پناہی حاصل ہے جس کے باعث انتظامیہ قاتلوں کو گرفتار کرنے سے قاصر نظر آتی ہے۔انھوں نے کیا کہ گزشتہ کئی ماہ سے سندھ کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر شہروں میں بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہونے کے باوجود قاتلوں کا تاحال گرفتار نا ہونا انتظامیہ اور ریاستی اداروں کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔انھوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ اس واقعے پر جوڈیشل کمیشن بناکر جان محمد مہر کے لواحقین کی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے انھوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر دس دن کے اندر اندر اس واقعے کا کوئی حل نا نکالا گیا تو صحافی پریس کلب میں بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے پر مجبور ہوجائیں گے۔مظاہرے میں صحافیوں کی کثیرتعدادنے شرکت کی ، اس موقع پر قمرزمان بھٹی، عامر ملک،حسنین اخلاق ،پرویز الطاف،غلام مرتضیٰ باجوہ، تنویر ملک،حسنین ترمزی اور رانا ذوالفقار علی سمیت دیگر صحافیوں نے بھی خطاب کیا۔
صحافی کے قتل کے خلاف پریس کلب پر احتجاج۔۔
Facebook Comments