sahafi ke qatal ke ilzam mein 2 naamazad mulzimaan giraftaar

صحافی کے قتل کے الزام میں 2 نامزد ملزمان گرفتار۔۔

سکھر میں قتل ہونے والے سینئر صحافی جان محمد مہر کی شہادت میں ملوث دو نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا۔۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں بخش علی عرف بخشو مہر ولد گولو اور بابر مہر ولد بخش علی شامل ہیں۔۔سکھرپولیس کا کہنا ہے کہ ان ملزمان کو حسب ضابطہ عدالت میں پیش کیا جائے گا اور جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے تفتیش عمل میں لائی جائیگی۔پولیس کے مطابق سینئر صحافی جان محمد مہر کی شہادت ناقابلِ تلافی نقصان ہے اور اس میں ملوث تمام ملزمان اور سہولتکاروں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں بعد ازاں معزز عدالت سے سزایابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ قبل ازیں سکھر میں صحافی جان محمد کے قتل کی تحقیقات کے لیے 7 رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنادی گئی۔جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم میں آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی، ایف آئی اے، رینجرز اور پولیس کے افسر شامل ہیں۔اس حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی میں ایس ایس پی سکھر، آئی بی، ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر شامل ہیں۔انویسٹی گیشن ٹیم ایک ماہ میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ جمع کرائے گی۔جان محمد مہر کے قتل کا مقدمہ 11 نامزد اور 3 نامعلوم افراد کے خلاف درج ہے اور اس حوالے سے سکھر، شکارپور اور روہڑی سے 15 مشتبہ افراد زیر حراست ہیں۔واضح رہے کہ اتوار کو سکھر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں صحافی جان محمد مہر جاں بحق ہوگئے تھے۔پولیس کے مطابق صحافی جان محمد مہر پر آفس سے گھر جاتے ہوئے کوئنس روڈ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس کے باعث وہ زخمی ہوئے تھے اور انہیں تشویشناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔۔ شہید صحافی کے ورثا کا کہنا ہے کہ قتل میں شیر محمد عرف شیرل مہر، نصیر مہر، قربان مہر، روشن، گلزار اور میر محمد مہر ملوث ہیں، ورثاء کے مطابق شہید جان محمد مہر کو بااثر شخصیات سے بھی خطرہ تھا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں