سینئر صحافی و ممبر پی آر اے پاکستان متین حیدر کے بھائی کے مبینہ اغوا پر پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نے قومی اسمبلی کی کارروائی سے واک آؤٹ کیا جس پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ نے پریس گیلری سے صحافیوں کے واک آؤٹ کا نوٹس لیتے ہوئے حکومتی وفد کو وجوہات معلوم کرنے کے لئے بھجوا دیا۔ حکومت کی جانب سے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، اعجاز جاکھرانی اور بیرسٹر عقیل ملک صحافیوں سے بات چیت کے لئے پریس لاؤنج میں پہنچے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایوان میں صورتحال سے آگاہ کردیا۔ معاملے پر ڈپٹی سپیکر نے ڈائریکشن دینے کی یقین دہانی کرادی۔۔ دریں اثنا سیینئر صحافی متین حیدر نے 24 اپریل 2024 کو ایکس پر اپنی پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ان کے ’چھوٹے بھائی پروفیسر عارفین حیدر کو بدھ کی صبح راولپنڈی سے اسلام آباد جاتے ہوئے اغوا کر لیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’عارفین ایک پر امن انسان ہیں اور کسی سیاسی یا مذہبی سرگرمی میں ملوث نہیں ہیں۔