sahafi firing case mulzim jismani remand par police ke hawalay

صحافی فائرنگ کیس،ملزم جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے۔۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نجی ٹی وی چینل کے دفتر کے باہر فائرنگ کرکے صحافی کو زخمی کرنے کے مقدمے میں ملزم ارمغان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔جمعے کے روز انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں نجی ٹی وی چینل کے دفتر کے باہر فائرنگ کرکے صحافی کو زخمی کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جہاں پولیس کی جانب سے مصطفی قتل کیس کے ملزم ارمغان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔تفتیشی افسر نے عدالت میں کہا کہ ملزم نے صحافی ندیم احمد کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا، مدعی مقدمہ نے ملزم کو شناخت کرلیا ہے۔پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ صحافی ندیم احمد کو زخمی کرنے کا مقدمہ بہادرآباد تھانے میں درج ہے۔بعد ازاں عدالت نے ملزم ارمغان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا اور ملزم کو دوران تفتیش تشدد کا نشانہ نا بنانے اور 18 مارچ کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزم ارمغان کو بہادر آباد پولیس نے جسمانی ریمانڈ کے لیے پیش کیا، تفتیشی افسرنے کہا کہ ملزم سے اسلحہ برآمد کرنا ہے اور تفتیش کرنی ہے۔ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا تو عدالت نے استفسار کیا کہ پولیس نے آپ کو مارا تو نہیں، جس پر ملزم ارمغان کا کہنا تھا کہ پولیس نے رات کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس اہلکاروں نے ماچس کی تیلی سے میری گردن کو جلایا، اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم کی شرٹ ہٹا کر دیکھیں، ملزم کی گردن پر جلنے کا کوئی نشان نہیں پایا گیا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں