صحافی کالونی میں صفائی کاکام لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حوالے کرنے کے لئے صحافی کالونی میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئرنائب صدر جاوید فاروقی ، سیکرٹری زاہد چوہدری ، جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر ، ممبر گورننگ باڈی عمران شیخ ، سینئرصحافی پرویزالطاف ، قمرالزمان بھٹی ، انتخاب حنیف شیخ ، جمیل شیخ ،عمرشریف سمیت صحافی کالونی کے رہائشیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران علی سلطان ، جنرل منیجر آپریشن سہیل انورخان ، منیجرآپریشن عزیزبھٹی ٹاﺅن رائے شاہد ودیگر اعلی افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر کوڑاکرکٹ سے صاف ستھرارکھنے کے لئے صحافی کالونی کے تمام بلاکس میں کنٹینرزرکھوائے گئے جبکہ عملی طورپر الیکٹریکل سوینگ مشین سے صفائی کاآغازکردیاگیااور لاہور پریس کلب اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی کے عہدیداران نے صحافی کالونی میں صفائی آگاہی واک کرکے صحافی کالونی کے رہائشیوںسے صفائی کے معاملات میں بھرپورتعاون کی اپیل کی۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او عمران علی سلطان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحافی کالونی سے صفائی ستھرائی کے مشن کا آغاز کرنے کا مقصدہے کہ صحافی لاہور شہرکوصاف ستھراکرنے کی مہم میں ہمارابھرپورساتھ دیں تاکہ عوامی سطح پر صاف ستھرامعاشرہ توصحت مندافرادکاشعور اجاگرکیاجاسکے اور آج ہم نے دستیاب وسائل سے صحافی کالونی میں جو صفائی کے لئے سہولیات فراہم کی ہیں جلد ہی اسے مزید بہترکرنے کے لئے جدید مشینری بھی مہیاکردی جائے گی۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے جدید خطوط پر صحافی کالونی میں صفائی کے انتظامات کرنے پر ان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ صفائی ستھرائی کے اعلی معیارکو برقرار رکھتے ہوئے شہربھر کی صفائی کے لئے لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی بہترین کردا راداکررہی ہے اور ہم صحافی کالونی میں صفائی کے اعلی انتظامات کرنے پر ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ انھوں نے صحافی کالونی کے مکینوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتربنانے میں ایل ڈبلیوایم سی کی جانب سے کئے گئے انتظامات میں بھررساتھ دیں تاکہ صحافی کالونی کوایک ماڈل سوسائٹی بنایاجاسکے ۔ انھوںنے مزید کہاکہ صحافی کالونی میں واٹرسپلائی اور سیوریج سسٹم کے حوالے سے بھی جلد خوشخبری سنائی جائے گی۔
