لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہاہے کہ ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں کے لئے سپلیمنٹری گرانٹ کے لئے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے سمری تیار کرکے منظوری کے لئے وزیراعلی پنجاب کو ارسال کردی ہے جس کی منظوری کے بعد ایف بلاک کے ترقیاتی کام فوری شروع ہو جائیں گے، صحافی کالونی میں نام نہاد حکم امتناعی بھی ختم ہوجائے گا اور ممبران تعمیرات شروع کرسکیں گے، صحافی کالونی فیز ٹو پر بھی مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافی کالونی ہربنس پورہ لاہور کے رہائشیوں کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر کیا، افطار ڈنر میں صدر ارشد انصاری ، نائب صدر امجد عثمانی ، ممبران گورننگ باڈی عمران شیخ ، عابد حسین ، پی یوجے کے صدر زاہدرفیق بھٹی ، ایسوسی ایشن آف لاہورفوٹوجرنلسٹس کے صدر وسیم نیاز ،عمران احمد شیخ ، پرویز الطاف ،پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے سیکرٹری خواجہ حسان ، راحت ڈار ، تمثیلہ چشتی ،رفیق خان ، قمرالزمان بھٹی ، خواجہ نصیر ، ظہیر شہزاد ، شبیر مغل ،خاوربیگ، عارف چوہدری ، ناصر رضا ، عمر فاروق، طارق سعید سمیت کالونی کے رہائشیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر صدر ارشد انصاری نے مزید کہاکہ صحافی کالونی کے سامنے مین کنال روڈپرواقع پلی کو دو رویہ کرنے کی منظور بھی کرالی گئی ہے، سیکورٹی کیلئے پولیس چوکی بحال ہوگی اورپولیس پٹرولنگ بھی ہوگی جبکہ صحافی کالونی میں رکے ہوئے تمام ترقیاتی کام بھی جلد پایاتکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔صدر ارشد انصاری نے صحافیوں کے لئے ایک ارب روپے کے انڈونمنٹ فنڈ کی منظوری پر وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے صحافیوں کے دل جیت لئے ہیں۔ پریس کلب کے نائب صدر امجد عثمانی نے کہا کہ پریس کلب انتخابات میں کامیابی کے بعد تین ماہ میں تباہ حال پریس کلب بحالی کی طرف چل پڑا ہے، کیفے ٹیریا کی بہتری، پنجابی فیسٹیول اور خواتین صحافیوں کا کرتارپور کا مطالعاتی دورہ اس بات کا عملی ثبوت ہے۔قبل ازیں صحافی کالونی گیٹ پر لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور گورننگ باڈی کاڈھول کی تھاپ پر استقبال کیا گیا اور انہیں بگھی میں پنڈال تک لایا گیا جہاں صحافی کالونی کے رہائشیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔