صحافی کالونی میں جدید ترین آر او پلانٹ کا افتتاح۔۔

لاہور پریس کلب جرنلسٹس ہاﺅسنگ سوسائٹی ہربنس پورہ میں پینے کے پانی اور نکاسی آب کا انتظام واسا کے حوالے کرنے کافیصلہ، صحافی کالونی میں شجر کاری مہم کا آغاز بھی جلد کردیاجائے گا۔صحافی کالونی کے ای بلاک میں نصب کیے جانے والے جد ید ترین واٹرفلٹریشن (آر او)پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ صحافی کالونی کو نہ صرف لاہور بلکہ پاکستان کی ماڈل کالونی بنانے کا عزم رکھتے ہیں اور آج کی اس تقریب میںصحافی کالونی کے رہائشیوں کے لئے خوشخبری سناتاہوں کہ آئندہ چند دنوں میں کالونی میں واٹرسپلا ئی ، سیوریج سسٹم ، مسنگ لنکس ، پارکس کی تزئین و آرائش ، سڑکوں کی مرمت ودیگر مسائل متعلقہ ادارے واسا اور پی ایچ اے کے حوالے کئے جارہے ہیں جو جلد یہاں پر اپنا آپریشن شروع کردیں گے ۔ انھوںنے مزید کہاکہ فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب ایک اہم اقدام ہے جس سے صحافی کالونی کے رہائشیوں کوچوبیس گھنٹے پینے کا صاف پانی دستیاب ہوگااورہم اس کے لئے سہارا ویلفیئر فاﺅنڈیشن ناروے کے چیئرمین حافظ اسلم الحق اور اس کی تنصیب میں صدر پی یوجے قمرالزمان بھٹی کی خصوصی کاوش کے مشکور ہیں۔ ان کا کہناتھاکہ ہم صحافی کالونی کے رہائشیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ایسے اقدامات بروئے کار لارہے ہیں جس سے کالونی کے رہائشیوں کو جدید سہولیات میسر آئیں گی۔ اس موقع پرایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے کہاکہ صحافی ملک و قوم کی خدمت میں ہمہ وقت مگن رہتے ہیں اور ہمیں یہ اعزازحاصل ہورہاہے کہ صحافی کالونی میں واساسے متعلق مسائل حل کرکے ہمیں صحافیوں اور ان کی فیملیز کی خدمت کا جوموقع ملاہے ہم اسے بہترین اندازمیں نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی کالونی کے پانی اور سیوریج کے مسائل کو حل کرنے کےلئے صحافی کالونی کا کنٹرول واسا کے زیرانتظام کرنے کا فیصلہ کر دیاگیا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن جلد کر دیا جائے گا۔ چیئرمین پی ایچ اے سید یاسر گیلانی نے کہاکہ ہم صحافی کالونی کی خوب صورتی میں مزید اضافہ کریں گے اور مون سون سے قبل یہاں پر شجرکاری کی جائے گی ، پھل اور پھول دار پودے لگائیں گے اور تمام پارکس کی نئے سرے سے تزئین و آرائش کرکے کالونی کو رول ماڈل بنادیں گے۔اس موقع پر صدر ارشد انصاری ، جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر ، ممبر گورننگ باڈی نفیس احمد قادری ، عمران شیخ ، سید رضوان شمسی ، پی یوجے کے صدر قمرالزمان بھٹی ، نائب صدر محمد بابر،جنرل سیکرٹری خواجہ آفتاب حسن ، خاور بیگ، لاہور فوٹوجرنلسٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری پرویز الطاف ، صحافی کالونی مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان اور کالونی کے رہائشیوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔صحافی کالونی کے رہائشیوں نے نئے جدید آر او پلانٹ کی تنصیب پر صدر ارشدانصاری اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ درپیش مسائل جلد حل کرلئے جائیں گے ۔افتتاحی تقریب کے اختتام پر سہارا ویلفیئرفاﺅنڈیشن کی جانب سے حافظ عامر قریشی نے خصوصی دعا کرائی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں