لاہور پریس کلب ہاﺅسنگ سکیم (صحافی کالونی)کے ایف بلاک میں بجلی کی تنصیب کا افتتاح صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، سینئر نائب صدر افضال طالب، نائب صدر صائمہ نواز، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فنانس سیکرٹری سالک نواز، ممبران گورننگ باڈی سید بدر سعید، سرمد فرخ خواجہ، رانا شہزاد احمد، شاہدہ بٹ، محبوب احمد چوہدری، اسد محمود اور الفت حسین مغل سمیت سینئر صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر ارشد انصاری نے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری اور سیکرٹری اطلاعات سید طاہر رضا ہمدانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایف بلاک میں ترقیاتی کام فاسٹ ٹریک پر ہو رہے ہیں اور انشاءاللہ اگلے ماہ کے آخر تک ممبران اپنے گھروں کی تعمیر شروع کر سکیں گے، اس موقع پر انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف ایف بلاک کے ترقیاتی کام مکمل ہو رہے ہیں بلکہ صحافی کالونی فیز ٹو کا افتتاح بھی جلد متوقع ہے اور ہماری خواہش ہے کہ فیز ٹو کا افتتاح محترمہ مریم نواز شریف کریں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا کہ وہ خود کو صحافی برادری کا حصہ سمجھتی ہیں اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گی، صحافی کالونی کے ایف بلاک میں 36 کروڑ روپے کی لاگت سے پانی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی،صحافی کالونی فیز ٹو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کا تسلسل ہے، صحافی کالونی کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ فیز ٹو میں حکومت صحافیوں کو زمین خود الاٹ کرے گی اور انہیں صرف تعمیراتی اخراجات آسان اقساط میں ادا کرنے ہوں گے، انہوں نے کہا کہ پریس کلب میں سولر بیک اپ کو بڑھایا جائے گا جبکہ کینٹین، انشورنس اور دیگر فلاحی کاموں کو بھی مزید بہتر بنایا جائے گا۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ”بلوچستان پاکستان کا لازمی حصہ ہے اور اندرونی و بیرونی سازشوں کو ہمیشہ کی طرح ناکام بنایا جائے گا۔“ انہوں نے کہا کہ جو سیاستدان دہشت گردوں کی پشت پناہی کرے، وہ سیاستدان کہلانے کا حق دار نہیں۔مزید برآں عظمیٰ بخاری نے یہ بھی اعلان کیا کہ گندم کی نقل و حمل پر اب کوئی پابندی نہیں اور مریم نواز کی قیادت میں کسانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا تاکہ روٹی کی قیمت میں اضافہ نہ ہو۔سیکرٹری اطلاعات پنجاب سید طاہررضا ہمدانی نے کہا کہ صحافی کالونی کا خواب اب حقیقت میں بدل رہا ہے، انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے ساتھ حکومت کا مضبوط رشتہ ہے اور باہمی تعاون سے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے حکومت پنجاب کا صحافیوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات پر شکریہ ادا کیا اور ایف بلاک میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کیلئے پریس کلب کی” ایف بلاک ڈویلپمنٹ کمیٹی” کے سربراہ و سینئر نائب صدر افضال طالب ، معاونین جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ اور ممبر گورننگ باڈی رانا شہزاد احمد کی خدمات کو سراہا، انہوں نے مزید کہا کہ سینئر نائب صدر افضال طالب نے ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں میں موثر کردار ادا کیا ہے جس کی بدولت ہم آج بجلی کی تنصیب کا افتتاح کر رہے ہیں جبکہ جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ اور ممبر گورننگ باڈی رانا شہزاد نے انکی بہترین معاونت کی ہے ۔