لاہورپریس کلب صحافی کالونی کے ایف بلاک میں پر وقار تقریب منعقدہوئی جس میں ممبران اور انکی فیملیز نے بھر پور شرکت کی۔ ممبران کوان کے پلاٹس پر تعمیرات کے لئے ڈیمارکیشن دے دی گئی ۔ صدر ارشد انصاری نے پلاٹوں کی ڈیمارکیشن کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر نائب صدر امجد عثمانی ، جوائنٹ سیکرٹری جعفر بن یار ، فنانس سیکرٹری سالک نواز ، ممبر ان گورننگ باڈی عمران شیخ ، راناشہزاد ، اعجاز مرزا ، عابد حسین اور سید بدر سمیت ایف بلاک کے الاٹیز ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی جن کی خوشی دیدنی تھی، ماحول پر جشن کا سماں طاری رہا اور مٹھائی تقسیم کی گئی، خوشی کی دوبالا کرتے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا گیا۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب جرنلسٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی ٹیم نے موقع پر موجود ایف بلاک کے ممبران کو پلاٹوں کی ڈیمارکیشن دی۔صدر ارشد انصاری نے اس موقع پر کہاکہ الحمد اللہ ایف بلاک کے ممبران کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا گیا ہے جو ان کا حق ہے اور اللہ کا خاص کرم ہے کہ ہمیں موقع ملاکہ ہم اس کام کو مکمل کریں ۔ انھوں نے مزید کہاکہ ایف بلاک کے ممبران نے 17 سال آج کے دن کا انتظارکیاہے ، ان کی عظمت کو سلام ہے کہ انھوں نے صبر کادامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا اور ہمیںاس مقصد کو پورا کرنے کے لئے منتخب کیا اورہمیںخوشی ہے کہ ہم ان کی امیدوں پر پورا اترے اور آج عملی طور پر انھیں ان کے پلاٹوں پر گھروںکی تعمیرات کے لئے قبضہ دیکر سرخرو ہوگئے ہیں جس کے لئے ہم اللہ کے شکر گزارہیں ۔ انھوں نے کہاکہ امسال منتخب گورننگ باڈی کی ٹیم نے کلب ،صحافی کالونی اور ممبران کی خدمت کے لئے تاریخی کام سرانجام دیئے ہیں جس کی نظیر نہیں ملتی ۔ انھوں نے مزید کہاکہ فیز ٹوکے لئے کام آخری مراحل میں ہے اور جلد ہی ممبران کو عملی طور پر خوشی کی خبر دیں گے۔ صحافی کالونی ایف بلاک کی ڈیمارکیشن کے موقع پر موجود ممبران نے صدر ارشد انصاری اور گورننگ باڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے بڑی کامیابی قراردیا اور امید ظاہر کی کہ منتخب گورننگ باڈی ،ممبران اوران کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کے لئے مزید اقدامات بروئے کار لائے گی۔
صحافی کالونی ایف بلاک کے پلاٹوں کی نشاندہی کا افتتاح
Facebook Comments