انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ رفعت مختار راجہ سے کراچی پریس کلب کے سیکریٹری شعیب احمد کی قیادت میں کراچی پریس کلب کے وفد کی ملاقات۔ آئی جی سندھ نے کراچی پریس کلب کے وفد کا استقبال کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وفد میں کراچی پریس کلب کے جوائنٹ سیکریٹری اسلم خان،کراچی پریس کلب کی ممبر لائژن کمیٹی کے سیکریٹری ثاقب صغیر،ممبر لائژن کمیٹی و کنٹرولر نیوز ون ٹی وی عارف محمود،ممبر گورننگ باڈی شمس کیریو اور فاروق سمیع بھی موجود تھے۔سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے رفعت مختار راجہ کو آئی جی سندھ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئی جی سندھ صوبے میں امن و امان خصوصاً اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لئے خصوصی اقدامات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور صحافیوں کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے اور شکایات کے خاتمے کے لئے کراچی پریس کلب کی سطح پر ایک لائژن کمیٹی بنائی گئی ہے جو پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہے۔سیکریٹری کراچی پریس کلب نے سکھر میں قتل ہونے والے کے ٹی این کے بیورو چیف جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا۔سیکریٹری لائژن کمیٹی ثاقب صغیر نےصحافی کالونی ہاکس بے میں سیکیورٹی کیلئے پولیس چوکیاں اور سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔کراچی پریس کلب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے کہا کہ ہم صحافیوں کے ساتھ مستقل رابطے میں ہیں اور صوبے کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ہمیں صحافی برادری کے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم شہر میں اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لئے خصوصی اقدامات کررہے ہیں، اب تک 400 سے زائد اسٹریٹ کرمنلز کو قانون کے شکنجے میں لے گیا یے بقیہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھی متعلقہ تھانوں اور افسران کو ٹاسک دئیے گئے ہیں، رفعت مختار نے کہا کہ پولیس جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے کوششیں کررہی ہے امید ہے جلد بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے آئی جی آفس اور کراچی پریس کلب کے درمیان رابطوں کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا
صحافی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے، آئی جی سندھ۔۔
Facebook Comments