sahafati tanzeemo ki zubair anjum ki bazyaabi ki appeal

صحافتی تنظیموں کی زبیرانجم کی بازیابی کی اپیل۔۔

کراچی پریس کلب نے جیو نیوز کے ایگزیکٹیو پروڈیوسر اور کراچی پریس کلب کے ممبر زبیر انجم کو گھر سے اسلحہ کے زور پر اغوا کرنے اور نا معلوم مقام پر منتقل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس عمل کو آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانے اور آزادی صحافت کو یرغمال بنانے کی کوشش قرار دیا ہے۔کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی ، سیکریٹری شعیب احمد اور اراکین مجلس عاملہ نے جیو نیوز کے ایگزیکٹیو پروڈیوسر زبیر انجم کو رات گئے بغیر کسی وارنٹ کے گھر سے اسلحہ کے زور پر اغوا کرنے اور گھر والوں کو ہراساں کرنے کے واقعات کو ریاستی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو ، وزیر اعلی سندھ اور آئی جی سندھ سے اس واقعے کا فوری نوٹس لینے اور زبیر انجم کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثنا ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے سینیئر صحافی زبیر انجم کے اغواء پرشدید تشویش کا اظہارکیا ہے۔ایمنڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کراچی میں” جیونیوز “کے پروڈیوسر  زبیر انجم کو ان کے گھرسے اغواء کرکے لاپتہ کرناناقابل قبول عمل ہے جوآئین اور قانون کی صریحاًخلاف ورزی ہے ۔ زبیر انجم کے خلاف کسی قسم کا کوئی مقدمہ نہیں اور نہ ہی انہیں کسی عدالت میں پیش کیاگیا جس سے واضح ہوتاہے کہ یہ اغواء کے سواکچھ نہیں اور اس قسم کے واقعات ریاست اور اداروں کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں۔ایمنڈ نے وزیر اعظم شہباز شریف ،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ ،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا  کہ سینیئر صحافی کو فی الفور بازیاب کرایاجائے اور واقعے میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کیاجائے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں