جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حق و باطل کے معرکہ میں صحافت بڑا میدان ہے۔ دور حاضر کے چیلنجز کے مقابلے کی تیاری اور مغرب کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے ساتھ اقامت دین کے ابلاغ کےلئے میڈیا کے تمام ٹولز کو استعمال کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ کے تحت ریسرچ اکیڈمی کراچی میں منعقدہ 10 روزہ صحافتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ جس میں ملک بھر سے جمعیت طلبہ عربیہ کے منتخب افراد شریک تھے۔ قبل ازیں منتظم صوبہ جمعیت طلبہ عربیہ فرید احمد ، امین صوبہ حافظ حذیفہ، کراچی کے منتظم اسرار غزالی، فیض اللہ حسینی، نجیب احمد حنفی، حماد ظہیر اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے بھی خطاب کیا۔ شرکاءکو اسناد اور کتب کا تحفہ بھی دیا گیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ صحافت کے میدان میں بہت احتیاط کی بھی ضرورت ہے بغیر تحقیق و تصدیق شدہ مواد سے بڑے مسائل جنم لیتے ہیں۔ اس لئے کہا گیا کہ کوئی بھی خبر دینے سے پہلے اچھی طرح تحقیق کرلیا کرو۔ صوبائی امیر نے شرکاءپر زور دیا کہ اپنی تحریر و عمل کے ذریعے دین اسلام اور جماعت کی دعوت و پیغام کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اسلامی انقلاب کی منزل اس وقت قریب ہوگی جب ہر فرد اپنے حصہ کا کام بحسن خوبی سر انجام دے گا۔
