sahafaion k qatal ke khilaaf ahtejaaj ka aelan

صحافیوں کے قتل کے خلاف احتجاج کا اعلان۔۔

 سندھ بھر کے صحافیوں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے شہید نصراللہ گڈانی اور جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے 8 جون بروز ہفتہ شام 5 بجے کراچی پريس کلب کے سامنے احتجاج کا اعلان، تفصیلات کے مطابق جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر وحید راجپر،  پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی، سی پی این ای کے جنرل سیکریٹری اعجاز الحق،کے یو جے کے صدر اعجاز خان، عاجز جمالی، کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر فہیم صدیقی، سندھ جرنلسٹس کونسل کے صدر قاضی ذوالفقار، غازی جھنڈیر، سندھ صحافی اتحاد کے صدر نعمت کھوڑو اور سی آر اے کے صدر کاشف ہاشمی نے صحافیوں اور سول سوسائٹی سے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں شامل صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں نے اپنے جاری کردہ  بیان میں کہا ہے کہ شھید نصراللہ گڈانی پر حملے کو 15 دن گذرنے والے ہیں لیکن ابھی تک تفتیش میں کوئی پیش رفت ظاہر نہیں کی گئی، شھید صحافی کے ورثا اور صحافی برادری کا مطالبہ ہے کہ شھید نصراللہ گڈانی کے خون سے انصاف کیلئے فوری طور پر عدالتی کمیشن قائم کرکے ملزمان کو قانون کے کٹہڑے میں لایا جائے۔جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شھید صحافی جان محمد مہر کے قتل کو 9 ماہ گذرنے والے ہیں لیکن پولیس ابھی تک نامزد  6 مرکزی ملزمان میں ایک  کو بھی گرفتار نہیں کر سکی ہے، شہدا کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے سندھ بھر میں منظم تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی شروعات کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کے ذریعے کی جائیگی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں