اداکارہ حمائمہ ملک نے شیخ رشید اور وزیرتعلیم شفقت محمود کو سیاستدانوں میں سب سے بڑا اداکار قرار دے دیا۔حمائمہ ملک اور ان کی بہن دعا ملک حال ہی میں وسیم بادامی کے شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے میزبان کے سوالوں کے نہایت دلچسپ جوابات دئیے۔اسی شو میں میزبان وسیم بادامی نے دونوں بہنوں سے سوال کیا وہ کون سا سیاستدان ہے جو سب سے بڑا اداکار لگتا ہے؟ اس سوال کے جواب میں دعا ملک نے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا نام لیا جب کہ حمائمہ ملک کا کہنا تھا کہ انہیں شیخ رشید اور وزیر تعلیم شفقت محمود سب سے بڑے اداکار لگتے ہیں۔شو کے دوران حمائمہ ملک نے ایوارڈ شوز کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کون سا ملک ہے جہاں صابن کے نام کے ایوارڈ شوز ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے شوبز انڈسٹری میں خود کو سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ قرار دیا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کتنا معاوضہ لیتی ہیں۔
