sabiq administrator karachi keliye press club ki ezaazi membership

سابق ایڈمنسٹریٹرکراچی کیلئے پریس کلب کی اعزازی ممبرشپ

پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر سندھ اور سابق ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ حق و انصاف کی سربلندی، جمہوری اقدار کے فروغ اور مثبت اور تعمیری صحافت کے فروغ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، کراچی پریس کلب سے اٹھنے والی آواز ملک کے گوشے گوشے میں پہنچتی ہے اور اس روایت میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوا ہے، اعزازی ممبر شپ دینے جانے پر کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پریس کلب کے ساتھ میری وابستگی مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی اور پریس کلب کے ساتھ مل کر مثبت اور تعمیری کاموں میں اپنے حصے کا کردار ادا کروں گا، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز کراچی پریس کلب میں منعقدہ تقریب میں پریس کلب کی اعزازی رکنیت ملنے کے موقع پر کہی، اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد، نائب صدر مشتاق سہیل، سابق صدر فاضل جمیلی ، سابق سیکریٹری مقصود احمد یوسفی ، اے ایچ خانزادہ، حنیف اکبر، شازیہ حسن، نادرہ مشتاق اور دیگر عہدیداران و ممبران بھی موجود تھے،سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی و پرنسپل سیکریٹری ٹو گورنر سندھ ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ جسے کہیں سے انصاف نہیں ملتا وہ پریس کلب آکر اپنی آواز اٹھا سکتا ہے، یہ ادارہ مجبور اور بے سہارا لوگوں کے لئے امید کی کرن بن چکا ہے، کراچی شہر، صوبے اور ملک کے لئے کراچی پریس کلب کی خدمات سنہری الفاظ سے لکھنے کے قابل ہیں، مملکت کے اہم ستون کے طور پر صحافت اہمیت کی حامل ہے اور اس شعبے سے وابستہ متعدد شخصیات کے کارنامے فراموش نہیں کئے جاسکتے، امید ہے کہ کراچی پریس کلب آئندہ بھی اسی طرح اپنا بہترین کردار ادا کرتا رہے گا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی  نے کہا کہ ڈاکٹر سید سیف الرحمن کو اعزازی ممبر شپ دینے کی منظوری پریس کلب کی گورننگ باڈی نے دی اس اقدام کا مقصد شہر اور صوبے کی ترقی کے لئے کام کرنے والے افسران کی خدمات کا اعتراف ہے، کراچی پریس کلب کو یہ فخر حاصل ہے کہ اسے ہمیشہ ڈاکٹر سید سیف الرحمن کی سرپرستی اور تعاون حاصل رہا اور انہوں نے بحیثیت ایڈمنسٹریٹر کراچی اور پرنسپل سیکریٹری گورنر سندھ پریس کلب کی بہتری اور اسے مزید فعال ادارہ بنانے کے لئے عملی کوششیں کیں، وہ ایک اچھے اور محبت کرنے والے انسان ہیں ، ہمارا ان کے ساتھ برادرانہ تعلق رہے گا، سابق صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی نے کہا کہ ڈاکٹر سید سیف الرحمن کو پریس کلب کی رکنیت ان کی دیرینہ خدمات کے باعث دی گئی ہے یہ ادارہ 1958 میں قائم ہوا اور آج بھی 2023 میں اس کی حیثیت دیوار گریہ جیسی ہے اور اسے ہمارے بزرگوں نے طویل جدوجہد کے بعد اس مقام تک پہنچایا ہے ، سیکریٹری پریس کلب شعیب احمد نے کہا کہ جن لوگوں کی ملک اور شہر کے لئے گرانقدر خدمات ہوتی ہیں انہیں کراچی پریس کلب کی اعزازی رکنیت سے نوازا جاتا ہے، یہ ایک قدیم روایت ہے اور اس پر آج تک عملدرآمد ہو رہا ہے، کراچی پریس کلب کو ایسی شخصیات کے ساتھ تعلق پر فخر ہے، سابق سیکریٹری پریس کلب مقصود یوسفی نے کہا کہ ڈاکٹر سید سیف الرحمن ایک جانی پہچانی شخصیت ہیں انہوں نے بطور ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی اچھی شہرت حاصل کی اور ہمیشہ شہر کی بہتری اور لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے کام کیا، گورنر سندھ بھی ان کی صلاحیتوں کے قدر دان ہیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں