آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی روزنامہ اوصاف کے چیف ایڈیٹر اوراے بی اینگروپ کے چیئرمین راجہ مہتاب خان کیرہائش گاہ پر پولیس حملے کی مذمت کرتی ہے اور اسے ملک میں آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتی ہے۔ اے پی این ایس کے سیکرٹری جنرل سرمد علی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 20دسمبر کو رات گئے پولیس وردی میں ملبوس اہلکاروں نے راجہ مہتاب خان کی رہائشگاہ پر حملہ کیا، وہاں پر موجود گارڈ پر تشدد کیا اور مرکزی گیٹ کو توڑ کر اندر داخل ہوگئے اور اہلِ خانہ کو دھمکیاں دیں اے پی این ایس فروری میں ہونے والے عام انتخابات سے قبل اس حملے کو میڈیا کو دھمکانے اور خوف زدہ کرنے کی ایک سازش سمجھتی ہے ۔اے پی این ایس کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ میڈیا گروپ کی جانب سے ایس ایس پی، اسلام آباد کو درخواست جمع کروانے کے باوجود کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔انہوں نے اسلام آباد انتظامیہ اور آئی جی پولیس سے فوری تحقیقات اور پولیس پارٹی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ میڈیا کے خلاف ایسے اقدامات نہیں کیے جائیں گے۔
روزنامہ اوصاف کے چیف ایڈیٹر کے گھر پولیس گردی۔۔۔
Facebook Comments