کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نام نہاد اینکر اور صحافی رضوان رضی کی جانب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدور اور اپینک کے چیئرمین قائد صحافت منہاج برنا اور عبدالحمید چھاپڑا کے بارے میں انتہائی عامیانہ اور لغو گفتگو کرنے پر رضوان رضی کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی گفتگو پر معافی مانگیں نہیں تو کراچی یونین آف جرنلسٹس ان کا ہر فورم پر گھیراﺅ کرے گی۔ کے یوجے کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری عاجز جمالی اور ایگزیکٹو کونسل کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رضوان رضی ہمیشہ سے متنازع باتیں کرکے سستی شہرت حاصل کرنے کا ماہر شخص ہے جو صحافت میں تو نام نہ کما سکا مگر بے سروپا باتیں، الزامات کا ایکسپرٹ ضرور بن گیا اس شخص کا کیریئر تنازعات سے بھر پڑا ہے اور یہ خود کو عقل کل کے طور پر پیش کرتا ہے۔ کے یوجے نے کہا کہ لاہور پریس کلب کے الیکشن کے حوالے سے رضوان رضی نے اپنا ایک وڈیو بیان جاری کیا جس میں اس نے مرحوم صحافی رہنماﺅں منہاج برنا اور عبدالحمید چھاپڑا پر الزامات عائد کیے جبکہ ان دونوں کا ماضی بے داغ ہے اور وہ صحافیوں کے غیر متنازع لیڈر اور رہنما تھے جنہوں نے پوری زندگی اس ملک میں آزادی اظہار رائے کی بات کی،مزدوروں، کسانوں، اور ملک میں پسے ہوئے طبقات کے لیے آواز بلند کی، آمریت کے خلاف بے مثال جدوجہد کرکے دنیا میں ایک تاریخ رقم کی اور آزادی اظہار کے لیے جیلوں کی سختیاں برداشت کیں، رضوان رضی کے الزامات شرمناک ہیں، رضوان رضی بتائیں کہ وہ کب صحافی برادری کے خیرخواہ بنے انہوں نے کیا قربانیاں دیں۔ کے یوجے نے پی ایف یوجے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے پر رضوان رضی کے خلاف جس قانونی فورم پر جانا پڑے جائے اور کارروائی کرے۔
