خصوصی رپورٹ۔۔
بین الاقوامی ملٹی میڈیا خبریں فراہم کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے خبررساں ادارے رائٹرز نے فیس بک جرنلزم پروجیکٹ کے اشتراک سے رائٹرز ڈیجیٹل جرنلزم کورس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔یہ کورس صحافیوں کو بلامعاوضہ آن لائن تربیت فراہم کرے گا جس کے نیتجے میں وہ ڈیجیٹل خبر رسانی، خبر کی تصدیق اور اشاعت کی مہارتوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ دیکھ بھال و حفاظت سے متعلق معلومات تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔رواں سال رائٹرز انسٹی ٹیوٹ کی ڈیجیٹل نیوز رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز لوگوں کو وسیع اقسام کی خبروں کی رسائی فراہم کررہے ہیں جن میں بعض عجیب انداز سے سرکاری سفارشات، گمراہ کن یا غلط خبریں شامل ہیں۔
میڈیا کا منظرنامہ اور لوگوں کی خبروں میں بڑھتی دلچسپی کے پیش نظر صحافیوں کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کس طرح ذمہ داری، اخلاقی اور درستگی سے خبریں رپورٹ کی جائیں۔رائٹرز ڈیجیٹل جرنلزم کورس نئے اور تجربہ کار صحافیوں کو چار ماڈیولز میں متاثرکن مواد اور عملی ٹیوٹوریلز کے استعمال کے ساتھ ڈیجیٹل نیوز رپورٹنگ کی بنیادی معلومات فراہم کرتا ہے۔
- ڈیجیٹل خبر رسانی، اس میں یوزر کو تیزرفتاری سے خبریں تلاش کرنے کے لئے ٹولز حاصل ہوتے ہیں، عینی شاہدین کی رپورٹس کا تجزیہ ملتا ہے اور نئے لوگوں تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔
- مصدقہ اور رپورٹنگ، اس میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ذرائع اور خبری مواد کی تصدیق کی بنیادی مہارت سکھائی جاتی ہے۔
- سوشل میڈیا پر موثر انداز سے اشاعت، اس میں موثر اور لوگوں کی دلچسپی کے پیش نظر مواد کی تیاری پر توجہ دی جاتی ہے۔
- دیکھ بھال اور حفاظت، اس میں آن لائن ہراسمنٹ اور اپنی دیکھ بھال کی صلاحیت کی تدریس ہوتی ہے۔ صحافیوں کی حفاظت اور ذہنی دیکھ بھال ایسے وقت میں انتہائی ضروری ہے جب رپورٹنگ کا عمل کبھی بھی اتنا مشکل نہیں رہا۔
رائٹرز کی ایگزیکٹو ایڈیٹر گینا چوا نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں مستحکم انداز سے نیوز میڈیا کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے موثر اور بحفاظت استعمال کی صلاحیت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔رائٹرز ڈیجیٹل جرنلزم کورس میں دنیا بھر سے رائٹرز کے صحافیوں کے بہترین طریقے پیش کئے جاتے ہیں تاکہ معیاری صحافت کی بنیاد فراہم ہو، چاہے آپ نئے صحافی ہیں یا پھر ریفریشر کے متلاشی تجربہ کار صحافی ہوں۔
ترجمان فیس بک ایشیا پیسفک نے کہا ہے کہ فیس بک کو اس نئے ای لرننگ پروگرام متعارف کرانے اور اس ریجن کے صحافیوں کی مضبوط علمی بنیاد تعمیر کرنے میں معاونت پر رائٹرز کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے جو ڈیجیٹل نیوز کا بدلتا منظرنامہ بہتر انداز سے آگے بڑھائے گا۔فیس بک خطے کی نیوز کمیونٹی کی معاونت کے لئے پرعزم ہے جس کی بدولت رپورٹرز اپنے لوگوں کو باخبر بنانے کا اہم کام تسلسل سے یقینی بناسکیں گے۔رائٹرز ڈیجیٹل جرنلزم کورس پاکستان (انگریزی)، بنگلہ دیش (انگریزی)، تھائی لینڈ (تھائی)، ملائیشیا (انگریزی)، انڈونیشیا (انڈونیشین) اور سری لنکا (سنہالہ) میں پہلے متعارف کرایا جائے گا جبکہ بعد ازاں دیگر خطوں اور زبانوں میں پیش کیا جائے گا۔یہ کورس رائٹرز کے متعصبانہ میڈیا کورس کی کامیابی کے بعد سامنے لایا گیا ہے، یہ ای لرننگ کورس ہے جو دنیا بھر کے نیوز رومز میں 16 اضافی زبانوں میں دستیابی کے ساتھ ڈیپ فیکس اور متعصب میڈیا کی نشاندہی میں مدد فراہم کرے گا۔(بشکریہ جسارت)۔۔