وفاقی محتسب نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی انتظامیہ کو اپنے 300 سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کے زیر التواء واجبات کی جلد ادائیگی کی ہدایت کی ہے۔محتسب سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹر جنرل (عملدرآمد) محمد اشفاق احمد کے مطابق انتظامیہ انکوائری افسر کو دیے گئے وعدے کے مطابق واجبات کی ادائیگی کی پابند ہے۔ وفاقی محتسب اعجاز اے قریشی پہلے ہی ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل کے فوری حل کے لیے واضح ہدایات دے چکے ہیں، جنہیں مہنگائی کے بے مثال بڑھتے ہوئے رجحانات اور اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔وفاقی محتسب کی طرف سے یہ ہدایات گزشتہ انتظامیہ کے خلاف درجنوں پنشنرز کی طرف سے جمع کرائی گئی مختلف شکایات کا نتیجہ ہیں جو اپنے کندھوں پر ڈالی گئی ذمہ داری کی تعمیل کرنے میں ناکام رہی تھیں۔اے پی پی کی انتظامیہ نے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں پچھلے چار سالوں کے بجٹ میں اضافے کو شامل اور اسی کے مطابق بقایا جات کی ادائیگی کر ے۔ پنشن میں اضافے کے بقایا جات 2015-16 سے زیر التوا ہیں۔دریں اثنا اے پی پی پنشنرز ایسوسی ایشن (اے پی پی پی اے) نے اسلام آباد پریس کلب میں منعقدہ اپنے اجلاس میں اے پی پی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ پنشنرز کے مسائل کو وفاقی محتسب کی ہدایت کے مطابق جلد از جلد حل کرے۔اجلاس میں اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر اختر منیر کی ذاتی دلچسپی اور پنشنرز کے زیر التواء واجبات جو کہ گزشتہ تقریباً 8 سال سے رکے ہوئے ہیں کی ادائیگی کے لیے ٹھوس کوششوں کو سراہا گیا۔ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ مالی طور پر مشکل سے دوچار ملازمین اور ریٹائرڈ اہلکاروں اور صحافیوں کے حوالے سے اس کی مستقل پالیسی کے مطابق اے پی پی کے پنشنرز سے متعلق مسائل کا فوری نوٹس لے، اجلاس میں انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنے ایک نمائندے کو اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل کرے۔میٹنگ میں موجود اے پی پی پی اے نے باڈی کی تنظیم نو کی اور اپنے عہدیداروں کا دوبارہ انتخاب کیا۔ ان میں جاوید اختر (صدر)، سید اعجاز شاہ (نائب صدر) ایمبروز جوزف (جنرل سیکرٹری) اور عظیم احمد خان (خزانہ) شامل ہیں۔