کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) نجی نیوز چینل سما میں صحافیوں کی جبری برطرفیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے صحافیوں کا معاشی قتل قرار دیا ہے۔ کے یو جے کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری عاجز جمالی اور مجلس عاملہ کے اراکین نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ رواں ہفتے مذکورہ چینل کی انتظامیہ نے کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں 9رپورٹرزکو ذہنی دبائو کا شکار کرکے ان سے زبردستی استعفے لیے، جس کا افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ اسلام آباد کی ایک خاتون رپورٹریہ دباؤ برداشت نہیں کرسکیں اور انہیں ’’برین اسٹروک‘‘ ہوگیا ہے، ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ قبل ازیں کراچی میں کنٹرولر نیوز اور چیف رپورٹرسے بھی اسی طرح زبردستی استعفے لیے گئے ہیں۔ کے یو جے نے نیوز چینل سے ان جبری برطرفیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم، وفاقی و صوبائی وزرائے اطلاعات اور پیمرا سے اپیل کی کہ وہ چینل انتظامیہ کوجاری برطرفیوں سے روکیں، برطرف صحافیوں کو بحال کروائیں، خاتون رپورٹر کے علاج کا خرچ اور جب تک وہ ٹھیک نہیں ہوجاتیں اس وقت تک ان کی تنخواہ نیوز چینل انتظامیہ سے دلوائیں جو اپنے گھر کی واحد کفیل ہیں۔
9 رپورٹرز فارغ، خاتون رپورٹر کو برین اسٹروک ۔۔
Facebook Comments