reporter par firing ke mulzimaan ki giraftari keliye 24 ghante ka ultimatum

رپورٹرپر فائرنگ کےملزمان کی گرفتاری کیلئے چوبیس گھنٹے کا الٹی میٹم۔۔

نائنٹی ٹو نیوزکے کرائم رپورٹر ندیم احمد کو دفتر کے گیٹ پر نامعلوم افراد نے گولی ماردی۔۔ گولی ٹانگ پر لگی ، ندیم احمد کو فوری لیاقت نیشنل اسپتال متنقل کردیاگیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔۔ڈی آئی جی ایسٹ عثمان غنی صدیقی کا کہنا ہے کہ  ندیم احمد کو پاؤں پر گولی لگی ہے ، یہ بہت افسوسناک واقعہ ہے، ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ تمام شواہد اکٹھا کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے فائرنگ کے واقعے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی، واقعہ افسوس ناک ہے ، رپورٹر پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، وزیراعلیٰ سندھ نے  کراچی پولیس کو ملزمان  کو فوری گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔۔ دوسری طرف سندھ کے وزیرداخلہ  سندھ ضیاءالحسن لنجار نے ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کرلیں۔ضیاالحسن لنجار کا کہنا ہے کہ وقوعے کی تفتیش کی پیش رفت سے صحافی برادری کو اعتماد میں لیا جائے۔واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔پولیس کی جملہ کاروائی سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جائے۔دریں اثنا کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن سینئر کرائم رپورٹر اور کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر ندیم احمد پر مسلح ملزم کی جانب سے فائرنگ کرکے زخمی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ یہ ایک قابل مذمت عمل ہے جو صحافیوں کے خلاف دہشت گردی کی ایک بدترین مثال ہے۔ ہائی سیکورٹی زون میں کالے شیشے اور بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی کا بے خوف و خطر گھومنا اور صحافی کو گولی مارنا سیکورٹی اداروں کی ناکامی کا کھلا ثبوت ہے۔۔صدر کاشف ہاشمی , سیکریٹری ریحان چشتی سمیت گورنگ باڈی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ 24 گھنٹے کے اندر اندر دہشت گرد کی فوری گرفتاری کریں اور اس کے خلاف کارروائی کریں۔ اگر 24 گھنٹے کے اندر ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا تو کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کراچی پولیس آفس کا گھیراؤ کرے گی اور شدید احتجاج کرے گی۔ ہم اپنے ممبروں کی سیکیورٹی اور جان کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدمات اٹھائیں گے۔ ہم پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادراوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ صحافیوں کی سیکورٹی کے لیے اقدامات کریں۔علاوہ ازیں کراچی پریس کلب کے صدرسعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمداور مجلس عاملہ نے پریس کلب کے ممبر اور سینئرکرائم رپورٹر ندیم احمد پر نامعلوم مسلح افرادکی جانب سے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے  واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔کراچی پریس کلب کے عہدیداران نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ دفاعی نمائش آئیڈیاز2024 کے موقع پر انتہائی سخت سیکیورٹی کے باجودریڈ زون میں سینئرکرائم رپورٹرپرحملہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں صحافیوں پر حملوں اور تشدد کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے لیکن حکمرانوں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔پاکستانی صحافی اس وقت کٹھن ترین وقت سے گزر رہے ہیں اور حکومت سوائے انہیں دلاسے دینے کے کچھ نہیں کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں مسلسل لاقانونیت میں اضافہ ہورہا ہے مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حکومت اس کے خلاف کوئی موثر کارروائی میں ناکام نظر آرہی ہے۔کراچی پریس کلب کے عہدایدروں نے وزیراعلیٰ سندھ ، وزیرداخلہ سندھ ،ڈی جی رینجرز سندھ اور آئی جی سندھ پولیس سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کی جائے اور ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔کے یوجے کے صدر اعجاز احمد اور جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نقوی نے کرائم رپورٹر ندیم احمد پر فائرنگ کے نتیجے میں ان کے زخمی ہونے کے واقعے پرشدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ عامل صحافیوں کے لیے اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی روز بروز مشکل ہوتی جارہی ہے، جو قابل تشویش بات ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) رینجرز، انسپکٹر جنرل(آئی جی) پولیس ، کراچی پولیس چیف اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافیوں کی حفاظت کے لیے موثر اقدامات کریں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ندیم احمد کو شفائے کاملہ، عاجلہ، دائمہ عطاء فرمائے۔ آمین۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں