تحریر: عمیر علی انجم
لاوارث میڈیا انڈسٹری میں ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری ہے۔۔ابھی اسلام آباد میں جیو کے محمد ناصر کی بے کسی کی موت نہیں بھولے تھے کہ کراچی کا ہردلعزیز رپورٹر ایس ایم عرفان سیلری کی تلاش میں رب حقیقی سے جاملا۔۔۔اب سوال یہ پیداہوتا ہے کہ یہ سلسلہ کہاں جاکر رکے گا ؟؟؟؟ اس کا جواب نہ میرے پاس ہے اور نہ ہی آپ کے پاس ۔۔اور جن کے پاس اس سوال کا جواب موجود ہے ۔۔وہ اندھے ،گونگے اور بہرے ہوچکے ہیں ۔۔میڈیا انڈسٹری میں بے حسی کی وہ داستان رقم ہورہی ہے جس کا کسی نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا ۔۔۔جن کی نوکری لگی ہے اور تنخواہیں مل رہی ہیں انہوں نے کبوتر کی طرح آنکھیں بند کی ہوئی ہیں بغیر اس کا احساس کیے کہ آنے والا وقت ان کے لیے بھی اسی طرح کا ہوسکتا ہے ۔۔
حکومت ،میڈیا مالکان اور نام نہاد صحافی رہنما یہ سب ایس ایم عرفان کے قتل میں براہ راست شریک ہیں ۔۔۔ہوسکتا ہے کہ اب فیسٹولز کی دلدادہ تنظیمیں ان اموات کو بھی ایک فیسٹول کی شکل دے دیں اور آنے والے وقتوں میں آپ سنیں کہ فلاں تنظیم کے زیر اہتمام ”گرینڈ موت فیسٹولز” میں میوہ شاہ قبرستان میں منعقد کیا جائے گا ،جس میں آپ اپنی فیملی کے ساتھ شریک ہوسکتے ہیں ۔۔۔یہ کیسے بے حس لوگ ہیں ۔۔ان کو آخر ہوا کیاہے ۔۔ان کی آنکھوں پر کیوں پردے پڑگئے ہیں ۔۔۔یہ کیوں اپنے ساتھیوں کو موت کے منہ میں جاتا ہوا دیکھ رہے ہیں ؟؟؟؟؟
ایس ایم عرفان تو زندگی کی قید سے آزادہوگیا ہے ۔۔۔اب اس کا معاملہ اللہ کی عدالت میں چلاگیا ہے ۔۔۔لیکن یہ جو دنیاوی خدا ہیں ان کو لگام کون دے گا ۔۔ان کے گریبانوں پر ہاتھ کون ڈالے گا ۔۔۔یہ کب تک ہماری بے کسی کا مذاق اڑاتے رہیں گے ۔۔۔یہ عقل و شعور سے بے بہرہ لوگ جو قیادت کا دعویٰ کرتے ہیں ان کو شرم آنی چاہیے ۔۔کیا ان کو نہیں معلوم کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے ۔۔۔یہ لاٹھی جب چلے گی تو ان کا کیا بنے گا ۔۔۔عرفان کو قبر میں اتاردیا گیا ہے ۔۔۔اور اس کے گھر والے زندہ درگور ہوگئے ہیں ۔۔اب میں انتظار میں ہوں ۔۔کسی نئی گرینڈ پارٹی ۔۔۔کسی اسپورٹس فیسٹول اور کسی میگا گالا کا اعلان کب کیا جائے گا ۔۔اللہ تعالیٰ مجھ پر رحم کرے۔۔اللہ تعالیٰ آپ پر رحم کرے ۔۔(عمیرعلی انجم)۔۔
(عمیرعلی انجم کی تحریر سے عمران جونیئر ڈاٹ کام اور اس کی پالیسی کا متفق ہونا ضروری نہیں۔علی عمران جونیئر)۔۔