یوکرین میں روس کی جنگ، ہیٹی میں افراتفری اور میکسیکو میں جرائم پیشہ گروہوں کے بڑھتے ہوئے تشدد نے گزشتہ سال کے مقابلے 2022 میں اپنے کام کے دوران جان گنوانے والے صحافیوں کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ کیا۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے ) کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک دنیا بھر میں 67 صحافی اور میڈیا سٹاف مارے جا چکے ہیں جب کہ گزشتہ سال دوران ڈیوٹی جان گنوانے والے صحافیوں کی تعداد 47 تھی۔ رواں سال پاکستان میں پانچ صحافیوں نے دوران ڈیوٹی اپنی جانیں گنوائیں۔جمعہ کو جاری ہونے والی نئی رپورٹ کے مطابق برسلز میں مقیم گروپ نے 375 ایسے صحافیوں کے بارے میں بھی بتایا جو اس وقت اپنے کام کی وجہ سے قید ہیں، جن میں سب سے زیادہ چین، میانمار اور ترکی میں ہیں۔ گزشتہ سال کی رپورٹ میں 365 صحافیوں کو سلاخوں کے پیچھے درج کیا گیا تھا۔ میڈیا ورکرز کی ہلاکتوں میں اضافے کے ساتھ، گروپ نے حکومتوں سے صحافیوں اور آزاد صحافت کے تحفظ کے لیے مزید ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔آئی ایف جے کے مطابق اس سال کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں یوکرین میں جنگ کی کوریج کرتے ہوئے سب سےزیادہ میڈیا کارکن مارے گئے جن کی تعداد 12 ہے۔ اگرچہ ان میں زیادہ تر یوکرینی تھے لیکن اس میں دیگر قومیتوں کے لوگ بھی شامل تھے ۔سنہ 2022 میکسیکو میں صحافیوں کے لیے اب تک کا سب سے مہلک سال رہا ہے، میکسیکو کو جنگ زدہ علاقے سے باہر صحافیوں کے لیے سب سے خطرناک ملک سمجھا جاتا ہے۔آئی ایف جے نے پاکستان میں اس سال کے سیاسی بحران کے دوران صحافیوں کی پانچ ہلاکتیں ریکارڈ کیں، اور کولمبیا میں صحافیوں کو لاحق نئے خطرات اور فلپائن میں نئی قیادت کے باوجود صحافیوں کے لیے خطرات سے خبردار کیا۔برسلز میں قائم آئی ایف جے 140 سے زیادہ ممالک میں ٹریڈ یونینز اور ایسوسی ایشنز کے چھ لاکھ میڈیا پروفیشنلز کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دن کے موقع پر جاری کی گئی ہے۔
رواں سال 5 پاکستانی صحافیوں کا قتل، آئی ایف جے۔۔
Facebook Comments