تحریر: شمعون عرشمان۔۔
رمضان المبارک شروع ہوتے ہی تمام ٹیلی وژن چینلز کی جانب سے خصوصی نشریات کے پروگرامات نشر کیے جا رہے ہیں اور ایسے پروگرامات میں ہونے والی باتوں اور بحث کی ویڈیوز بھی وائرل ہو رہی ہیں، جس پر صارفین اظہار برہمی بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے مقامی ٹی وی چینل کی رمضان نشریات کے دوران ایک کالر نے کال کرکے مذہبی علما سے ایک سوال پوچھا، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔کالر نے رمضان نشریات میں شامل مذہبی علما سے روزے کی حالت میں اہلیہ کے ساتھ ازدواجی تعلق سے متعلق سوال کیا، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔کالر نے پروگرام میں کال کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد اور بڑے بھائی بھی نہیں ہیں، جس سے وہ مشورہ کرتے، اس لیے انہوں نے پروگرام میں کال کی۔کالر کے مطابق ان کی شادی کو کچھ ہی دن ہوئے ہیں اور وہ رمضان المبارک شروع ہونے کے بعد بھی اہلیہ کے ہمراہ وقت گزار رہے ہیں۔کالر کا کہنا تھا کہ روزے کی حالت میں وہ اور ان کی اہلیہ میں قربت بڑھی اور ساتھ ہی انہوں نے ’لولو پوپو‘ کی اصطلاح بھی استعمال کی۔کالر کی جانب سے ’لولو پوپو‘ کی اصطلاح استعمال کرنے کے بعد ان کی کال کاٹ دی گئی اور پروگرام کے میزبان نے وضاحت کی کہ شاید کالر روزے کی حالت میں اہلیہ سے ازدواجی تعلق سے متعلق سوال کرنا چاہتے ہیں۔کالر نے مذہبی علما سے سوال کیا کہ روزے کی حالت میں اہلیہ سے قربت کرنے پر ان کا روزہ ہوگا یا نہیں؟کالر کی براہ راست رمضان شو میں کال کرنے کی مختصر ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔زیادہ تر صارفین نے ٹی وی چینل انتظامیہ، ٹی وی میزبانوں اور کالر کو آڑے ہاتھوں لیا اور اس پر اظہار برہمی کیا کہ رمضان المبارک میں ایسی باتیں ہو رہی ہیں۔بعض افراد نے نشاندہی کی کہ مذکورہ کال پلانٹڈ ہوگی، تاکہ پروگرام کو وائرل کیا جا سکے۔زیادہ تر صارفین نے ٹی وی چینل انتظامیہ اور ٹی وی میزبانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں رمضان المبارک کا احترام کرنے کا درس دیا۔
اسی طرح اداکارہ جویریہ سعود کی میزبانی میں ایکسپریس ٹی وی پر نشر ہونے والے رمضان شو میں بھی ایک شخص نے کال کرکے پانچویں شادی کرنے کا وظیفہ مانگ لیا، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔جویریہ سعود کے پروگرام میں کال کرنے والے شخص نے بتایا کہ ان کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ پانچویں شادی کرنا چاہتے ہیں۔جویریہ سعود نے جب کال کرنے والے شخص سے نام پوچھا تو انہوں نے نام بتانے سے گریز کیا لیکن اپنا حال بیان کرکے پانچویں شادی کا وظیفہ مانگ لیا۔کال کرنے والے نے سوال کیا کہ ایک لڑکی انہیں بہت پسند کرتی ہیں اور وہ بھی ان سے شادی کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ ایسا کر نہیں پا رہے۔انہوں نے سوال کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی پہلے ہی چار شادیاں ہو چکی ہیں اور پہلی چاروں بیویاں ان سے خوش ہیں، انہوں نے سب کو خوش رکھا ہوا ہے۔ان کی بات پر جویریہ سعود نے انہیں جواب دیا کہ آپ کو ایسا سوال ہی نہیں پوچھنا چاہیے، چار کرلیں، وہ ہی بہت ہیں۔اداکارہ کی بات پر کال کرنے والے نے مسکراتے ہوئے کہا کہ، انہیں بتایا جائے کہ ان کی پانچویں شادی ہو سکتی ہے یا نہیں؟رمضان شو کے درمیان کالر کی جانب سے اپنی پانچویں شادی سے متعلق پوچھے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔زیادہ تر صارفین نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ کال خود کروائی گئی ہے تاکہ پروگرام کو وائرل کیا جا سکے۔بعض افراد نے ایسے پروگرامات کو فضول قرار دیتے ہوئے اسلامی روایات کے خلاف قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ ایسے شوز کو فوری طور پر بند کردیا جائے۔کالر کی بات پر پروگرام میں موجود مہمانوں نے بھی انہیں ہاتھ جوڑ کر ہدایت کی کہ وہ شادی کے فیصلے سے باز آجائیں، ان کی چار شادیاں ہو چکیں، اب پہلی چاروں بیویوں کی خدمت پر توجہ دیں۔(شمعون عرشمان)۔۔
