معروف سابقہ اداکارہ و میزبان مشی خان نے رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان آنے والے غذائی ماہرین پر سخت تنقید کی ہے۔اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُن کا کہنا ہے کہ کچھ رمضان ٹرانسمیشنز دیکھنے کا اتفاق ہوا جن میں آنے والے غذائی ماہرین کی باتوں نے اُنہیں حیران کر دیا ہے۔مشی خان نے کہا کہ جس ملک میں ہری مرچ 400 روپے کلو مل رہی ہو وہاں کوئی کیسے اپنی مرضی کی غذا میز پر سجا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ غذائی ماہرین مشورے دے رہے ہیں کہ دودھ میں شربت ڈال لیں، اچھے ہاضمے کے لیے سیریلز کا استعمال کر لیں، فروٹ چاٹ بنا لیں، پکوڑے نہ کھائیں اُس میں کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں۔مشی خان نے مہنگائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جتنا فروٹ مہنگا ہے کیسے کوئی متوسط طبقے کا فرد اپنی بیوی اور 6 بچوں کے ساتھ فروٹ چاٹ کھا سکتا ہے۔مشی خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے غذائی ماہرین کو مہنگائی کی شرح اور عام شہری کی ماہانہ آمدنی اور استطاعت کو مدنظر رکھتے غذائیں بتانے کی تلقین کی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ غذائی ماہرین کو چاہیے کہ وہ حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی تجاویز پیش کریں۔