رپورٹ: ٹیم عمران جونیئر
رمضان ٹرانسمیشن میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے انعامات اور عمرے کے ٹکٹس پر پابندی کے بعد جب میڈیا مالکان نے اس حکم نامے کے خلاف اپیل دائر کی اور یہ حکمنامہ کالعدم قراردےدیا تو پھر اپنی روایت پر اترآئے۔۔انعامات بھی دیئے گئے عمرہ ٹکٹس بھی بانٹے گئے۔۔عوام کی اکثریت نے ٹیم عمران جونیئر سے شکایت کی ہے کہ ان کے ساتھ عمرہ کے ٹکٹس کے نام پر فراڈ کیاگیا۔۔ اللہ اور اس کے رسول کے در پر حاضری کے نام پر کھلے عام عوام کے ساتھ دھوکادہی کی جارہی ہے اور یہ سب میڈیا چینلز کی ملی بھگت سے ہورہا ہے۔۔ ٹیم عمران جونیئر نے جب اس حوالے سے تحقیقات کی تو پتہ چلا کہ عمرہ ٹکٹس جیتنے والوں سے گزشتہ سال ساٹھ ،ساٹھ ہزار فی ٹکٹ اور دوہزار اٹھارہ میں پینتالیس ہزار فی کس طلب کئے جارہے ہیں۔۔ اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ جو واؤچر ٹی وی چینل کی جانب سے ملتا ہے تو شہری وہ لے کر ٹریول ایجنسی جاتا ہے ،جہاں رجسٹریشن کے نام پر ایڈوانس بیس ہزار روپے مانگے جارہے ہیں باقی پچیس ہزارٹکٹ،ویزہ فائنل ہونے پر دینے کا کہا جاتا ہے۔۔ ٹیم عمران جونیئر نے جب اس معاملے کو مزید کریدا تو یہ بات سامنے آئی کہ رواں سال کراچی کی الحمد ٹریول ایجنسی نے چھ ٹی وی چینلز سے عمرہ ٹکٹس کی ڈیل کی تھی،بول، ٹی وی ون، نیوز ون، کے ٹی این، آج ٹی وی اور ایکسپریس کی انتظامیہ سے ان کا معاہدہ ہوا تھا کہ رمضان ٹرانسمیشن اور گیم شو میں عمرے کے ٹکٹس الحمد ٹریول دے گی۔۔ اب جو لوگ بھی رجسٹریشن کرارہے ہیں انہیں اکتوبر سے لے کر مارچ دوہزار انیس کا ٹائم دیا جارہا ہے۔۔جب اس سلسلے میں الحمد ٹریول کے خالد چھوٹانی سے رابطہ کیاگیا تو انہوں نے بتایا کہ عمرہ ٹکٹس ونر اور عام عمرہ پیکچز کے ریٹ الگ الگ ہیں۔۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال عمرہ ٹکٹس ونر سے ساٹھ ہزار اور رواں سال پینتالیس ہزار روپے لئے جارہے ہیں ، انہوں نے انکشاف کیا کہ اٹھارہ جولائی دوہزار اٹھارہ تک ان کے پاس گیارہ سو لوگوں نے رجسٹریشن کرائی ہے، (بیس ہزار روپے ایڈوانس کے فارمولے کے تحت گیارہ سو لوگوں سے جو رقم لی گئی وہ سواکروڑ کے لگ بھگ بنتی ہے)۔۔خالد چھوٹانی کے مطابق دس محرم الحرام کے بعد جیسے ہی عمرہ ویزے کھلیں گے ان لوگوں کو بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔۔ خالد چھوٹانی نے وضاحت کی کہ عمرہ ٹکٹس جو لوگ بھی جیتتے ہیں اس میں شرائط و ضوابط صاف لکھا ہوتا ہے، ہم ٹیکس اور دیگر سہولتوں کے پیکیج کی ایک مخصوص رقم لیتے ہیں جو اس سال پینتالیس ہزار روپے ہے۔۔پچھلے سال بھی ہم نے جن لوگوں کو عمرے پر بھیجا وہ بہت خوش تھے اور عمرے سے واپسی پر ہمیں آب زم زم اور کھجوروں کا تحفہ بھی دینے آئے۔۔دوسری جانب عمرہ ٹکٹس متاثرین کا کہنا تھا کہ غریب انسان پینتالیس ہزار روپے کہاں سے لائے؟ ٹی وی چینلز انتظامیہ کو عمرہ ٹکٹ دیتے وقت بتانا چاہیے کہ عمرہ فری میں نہیں اس کے رعایتی پیسے دینے ہوں گے۔۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اللہ اور رسول کے نام پر ہونے والے اس فراڈ پر فوری پابندی لگائی جائے۔۔ (ٹیم عمران جونیئر)