rakshon ne do media workers ki jaan leli

رکشوں نے دو میڈیا ورکرز کی جان لے لی۔۔

پیر 16 مئی کو کراچی کےعلاقے خداداد کالونی میں تیزرفتار رکشے کی ٹکر میں شدید زخمی ہونے والے 92میڈیا گروپ کے آئی ٹی انچارج ذیشان اقبال دوران علاج بدھ کی شب جناح پوسٹ میڈیکل گریجوئٹ اسپتال میں دم توڑ گئے، ان کی عمر 32 برس تھی اور وہ دو بھائیوں اور دو بہنوں میں سب سے چھوٹے تھے، ذیشان اقبال کی شادی چھ ماہ قبل ہی ہوئی تھی۔ انہوں نے پس ماندگان میں والدہ، بیوہ ،ایک بھائی اور دو بہنوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق 92 میڈیا گروپ کے آئی ٹی انچارج ذیشان اقبال بریگیڈ تھانہ کے علاقے خداداد کالونی میں پیر 16 مئی 2022ء کو ایک بجے دن ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے تھے، وہ موٹر سائیکل پر سوار تھے اور انہیں ایک تیز رفتار رکشہ ڈرائیور زوردار ٹکر مار کر جائے حادثہ سے فرار ہو گیا تھا، اس حادثے میں ان کے سر اور جسم پر شدید چوٹیں آئی تھیں،انہیں شدید زخمی حالت میں جناح پوسٹ میڈیکل گریجوئٹ اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی زندگی بچانے کے لیئے سر توڑ کوششیں کیں لیکن وہ تین روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد بدھ 18 مئی 2022ء کی شب آٹھ بجے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ ذیشان اقبال کی میت رات کو ان کے آبائی علاقے ماڈل کالونی لائی گئی تو عزیز و اقارب اور علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ ذیشان اقبال کی ناگہانی موت کی اطلاع جوں ہی دفتر پہنچی تو اس موقع پر ہر آنکھ اشک بار تھی۔دریں اثناکراچی یونین آف جرنلسٹس کے رکن اور روزنامہ امن کے نیوز ایڈیٹر جاوید اقبال ٹریفک کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے اناللّہ وانا الیہ راجعون کراچی یونین آف جرنلسٹس نے جاوید اقبال کی ناگہانی موت پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے مرحوم کی نماز جنازہ  19 مئی بروز جمعرات بعد نماز ظہر جامع مسجد فاطمہ سیکٹر 5 بی تھری نارتھ کراچی میں ادا کی جائے گی۔ کے یو جے کے صدر شاہد اقبال اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک تعزیتی بیان میں جاوید اقبال کی ناگہانی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مرحوم ایک سینئر صحافی تھے حادثے میں ان کی ہلاکت سے دنیائے صحافت ایک بہترین صحافی سے محروم ہوگئی۔ مرحوم رکشے میں سوار اپنے گھر جارہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث رکشہ الٹ گیا اور جاوید اقبال موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔بیان میں کہا گیا ہے  کہ دکھ کی اس گھڑی میں کراچی سمیت ملک بھر کی  صحافی برادری جاوید اقبال کے اہلخانہ کے ساتھ ہے۔ مرحوم نے پسماندگان میں  بیوہ تین بیٹیوں اور ایک بیٹے کو سوگوار چھوڑا ہے ۔

chaar hurf | Imran Junior
chaar hurf | Imran Junior

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں