پشاور میں ریڈیو پاکستان آفس پر سینکڑوں شرپسندوں نے حملہ کر دیا، عمارت کے مختلف سیکشنز سے سامان لوٹ لیا، فائرنگ کی اور خواتین سمیت سٹاف پر تشدد کرتے ہوئے ساری عمارت کو آگ لگا دی۔ڈائیریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان طاہر حسن نے بیان میں کہا کہ سینکڑوں شرپسندوں نے اچانک دھاوا بول دیا اور ریڈیو پاکستان پشاور کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوگئے اور نیوز روم سمیت مختلف سیکشنز میں تباہی مچا دی۔ شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان پر گزشتہ روز بھی حملہ کیاتھا۔ آج دوبارہ حملہ کیاگیا، توڑ پھوڑ کی، اسٹاف پر تشدد کیا اور آگ لگادی۔شرپسندوں نے چاغی یادگار اور ریڈیو آڈیٹوریم کو آگ لگادی۔ مختلف سیکشنز میں آتش زنی سے ریکارڈ اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ریڈیو پاکستان کی عمارت میں کھڑی گاڑیوں کو بھی آگ لگادی گئی۔ شرپسندسرکاری سامان لوٹ کر لے گئے جس میں کیمرے، مائیک اور دیگر دفتری سازو سامان اور آلات شامل تھے۔شرپسندوں کو روکنے کی کوشش کرنے والے عملے پر مظاہرین نے تشدد کیا اور خواتین کو بھی نشانہ بنایا۔دریں اثنا مشتعل مظاہرین نے پشاور میں قائم ریڈیو پاکستان کی عمارت میں موجود اے پی پی کے دفتر میں آگ لگائی۔عینی شاہد کے مطابق دفتر میں صحافیوں سمیت عملہ کے 6 افراد موجود تھے۔عینی شاہد کا کہنا ہے کہ دو خواتین بھی دفتر میں موجود تھیں، تمام افراد باحفاظت نکلنے میں کامیاب رہے ۔عینی شاہد نے بتایا کہ مظاہرین نے گاڑیوں کو بھی آگ لگائی ہے۔
ریڈیوپشاور کی بلڈنگ نذرآتش، لوٹ مار اور تشدد۔۔
Facebook Comments