آواز فورم پاکستان کے صدر سعید طاہر نے سوشل میڈیا اور وٹس ایپ گروپ کے ذریعے ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل طاہر حسن اور انتظامیہ کے خلاف سوچی سمجھی پلاننگ کے تحت جاری مہم کی سختی سے مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جاری معاشی بحران کے اثرات اظہر من الشمس ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان بھی معاشی مسائل کا شکار ہے۔ پاکستان کے ان چند اداروں میں ریڈیو پاکستان بھی شامل ہے جس کو وقتی طور پر مالی بحران کا سامنا ہے۔ اس سے قبل بھی ریڈیو پاکستان میں بجٹ کی کمی کی وجہ سے مالی بحران پیدا ہوتے رہے ہیں لیکن انہیں خوش اسلوبی سے حل کیا جاتا رہا ہے۔ صدر آواز فورم نے ریڈیو پاکستان سے جبری ریٹائرڈ کیے جانے والے ملازم صفدر ہمدانی کے اس غیر ذمہ دارانہ رویہ اور طرز عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے جو وہ یوٹیوب فیس بک اور ای اخبار کے ذریعے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفدر ھمدانی کو ریڈیو پاکستان کا سابق ملازم ہونے کے ناطے ریڈیو پاکستان کے وقار کا خیال رکھنا چاہیے نہ کہ چند شر پسند عناصر کا آلہ کار بن کر انتظامیہ کے خلاف مہم جاری رکھنی چاہیے۔ صدر آواز فورم سعید طاہر نے کہا کہ ہم صفدر ہمدانی کے اس منفی طرز عمل اور حقائق کے خلاف مہم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کے اس قومی ادارے کی جڑیں کھوکھلی کرنے سے باز رہیں۔

ریڈیوپاکستان کی جڑیں کھوکھلی کرنےکی مذمت۔۔
Facebook Comments