radio pakistan islamabad building to be emptied

ریڈیوپاکستان اسلام آباد بلڈنگ خالی کرنے کا حکم

وفاقی حکومت نے ریڈیو پاکستان ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کی کثیرالمنزلہ عمارت کو طویل مدت کے لئے لیز پر دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام شعبے پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی کی چھوٹی عمارت میں منتقل کرنے کا حکم دیدیا جس سے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ریڈزون سیکٹر جی فائیو میں ریڈیو پاکستان کی7 منزلہ عمارت ہے جس میں مختلف شعبے قائم ہونے کے ساتھ ساتھ حساس آلات بھی نصب ہیں، حکومت نے اس کے تمام شعبے سیکٹر ایچ نائن میں قائم پاکستان براڈ کاسٹنگ (پی بی اے ) کی چھوٹی عمارت میں منتقل کرکے ہیڈکوارٹرز کی عمارت طویل مدت کے لئے لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں ڈائریکٹر منسٹرز آفس دانیال گیلانی کے دستخطوں سے جاری نوٹیفکیشن کے ذریعے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو ایک ماہ کے اندر عمارت خالی کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ سرکاری ریڈیوکے ایک اعلیٰ افسر نے‘کوبتایا کہ ریڈیوکی عمارت بیکارجائیدادوں میں سے نہیں بلکہ یہ عمارت انفارمیشن اور نیوزسروس کے ذریعے گزشتہ کئی دہائیوں سے خدمات انجام دے رہاہے،7منزلہ عمارت میں نیوز اور کرنٹ افیئرپروگراموں کی آڈیواور ویڈیوریکارڈنگ کیلئے 25سٹوڈیوز قائم کی گئی ہیں،عمارت میں ریڈیوکی نشریات پوری دنیاتک پہنچانے کیلئے ایک سیٹلائٹ ارتھ سٹیشن بھی قائم ہے جبکہ تقریباًایک ہزارملازمین کام کررہے ہیں جواس فیصلہ سے شدید پریشان ہوگئے ہیں،انہوں نے کہا ہم ایک ویب ٹی وی کاآغازکرنے کیلئے بھی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔حکومت کے اس اچانک اور عجیب فیصلے پر ادارے کے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے اس پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ عملی طور پر اتنی حساس عمارت کو انتہائی غیر محفوظ اور چھوٹی سی عمارت میں منتقل کرنا ناممکن ہے۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں